مہاجر قومی موومنٹ نے کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان کرکے مثال قائم کردی،مرکزی کمیٹی

مافیا جماعت کے دہشت گرد وں نےKKFکے کارڈ لگاکر کھالیں ہتھیانے کا منصوبہ بنایا ہے

جمعرات 17 ستمبر 2015 23:02

مہاجر قومی موومنٹ نے کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان کرکے مثال قائم کردی،مرکزی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے اراکین مرکزی کمیٹی نے کہا کہ قربانی کی کھالوں کو مستحقین تک پہنچانا جس طرح قربانی کرنے والے کی ذمہ داری ہے بالکل اسی طرح چھیننے والوں کو روکنے کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے جو صرف ضابطہ اخلاق جاری کرنے سے پوری نہیں ہوسکے گی۔چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر محمد علی سوسائٹی سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں قربانی کی کھالوں کا بڑا حصہ دہشت گرد زبردستی وصول کرلیتے ہیں جس کیلئے دھونس،دھمکی اور جبروتشدد سمیت ہر حربہ اختیار کیا جاتا ہے۔

مرکزی کمیٹی نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کی کاروائیوں کو دیکھتے ہوئے اس بار دہشت گردوں نے بھی اپنی حکمت عملی تبدیل کرلی ہے،ایسی اطلاعات موجود ہیں کہ کھالیں جمع کرنے والے دہشت گردوں کیلئے KKFکے نام پر مخصوص یونیفارم اور کارڈ بنائے جارہے ہیں جس کے ذریعے مافیا جماعت کھالیں ہتھیانے کی کوشش کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اور ادارے اچھی طرح جانتے ہیں کہ کھالوں کے پیسوں سے ہتھیار خرید ے جاتے ہیں جو مہاجر نوجوانوں کے قتل میں استعمال ہوتے ہیں اس لئے پولیس اور رینجرز کی ذمہ داری ہے کہ ضابطہ اخلاق پر اکتفا کرنے کی بجائے کڑی نگرانی یقینی بنائے اسکے علاوہ مافیا جماعت کو کھالیں جمع کرنے کا اجازت نامہ بھی منسوخ کیا جائے ۔

مرکزی کمیٹی نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان کرکے مثال قائم کی ہے،دیگر جماعتیں بھی رضاکارانہ طور پر اس عمل سے دور ہوجائیں عید الاضحی امن و سکون سے ساتھ گذر سکتا ہے اور قربانی کرنے والے پوری روح کے ساتھ سنت ابراہیمی ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کھالیں ہتھیانے والے دہشت گردوں کے خلاف متحد ہوجائیں۔

متعلقہ عنوان :