بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے نئے طلباء کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام

جمعرات 17 ستمبر 2015 23:08

اسلام آباد ۔ 17 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں جمعرات کے روز داخلہ لینے والے نئے طلباء کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں دو ہزار سے زائد طلباء اور جامعہ کے اعلیٰ عہدیدران نے شرکت کی۔ یونیورسٹی کے ایکٹویٹی سینٹر میں منعقدہ اس پروگرام کا انعقاد دفتر مشیر طلباء کی جانب سے کیا گیا تھا جس کے مہمان خصوصی جامعہ کے نائب صدر ڈاکٹر محمد بشیر خان تھے۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈینز ، ڈائریکٹر جنرل ، ڈائریکٹر ز، مشیر طلباء حافظ عابد مسعود سمیت سینئر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد بشیر خان نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی بے مثال مادر علمی ہے جس نے مسلم دنیا کے عظیم ناموں کی تربیت کی اور آج بھی اسلامی شعائر کی روشنی میں جامعہ متوازن اور پر امن شخصیات کی تشکیل میں مصروف عمل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلباء کو جامعہ کا تفصیلی تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ بین الاقوامیت، نئی نسل میں اسلامی تعلیمات بارے آگاہی اور امن کی ترویج کے لیے کاوشیں، جامعہ کے اولین مقاصد ہیں۔ ڈاکٹر محمد بشیر خان نے کہا کہ حالیہ سمسٹر میں 25 ہزار طلباء و طالبات نے اپنے داخلہ فارم جمع کراے جن میں سے 3 ہزار ہونہار اذہان کو منتخب کیا گیا جو مستقبل میں جامعہ اور مسلم امہ کا نام روشن کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 12 ہزار طالبات کے لیے علیحدہ کیمپس جامعہ کا امتیاز ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ اسلام کو اپنی عملی زندگیوں میں لائیں اور کہا کہ اسلام ہی تمام مسائل کا حل ہے ۔ قبل ازیں اختتامی کلمات میں ڈاکٹر حافظ عابد نے کہا کہ امت کے نوجوان امید کی کرن ہیں، اور ان سے ہی امت کا درخشاں مستقبل وابستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں جامعہ کے سفیر اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

اس موقع پر مشیر طلباء نے شرکاء کو جامعہ کے قواعد و ضوابط سے بھی آگاہ کیا۔ تقریب کے دوران طلباء کے لیے صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش کی جانب سے 10 ہزار روپے کے کیش انعامات جبکہ دفتر مشیر طلباء کی جانب سے 50 سے زائد تحائف بھی طلباء کو دیے گئے۔ تحائف کی تقسیم اور اعلیٰ عہدیداران کے خطبات کے دوران طلباء کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے سے ہوا۔