طلباء نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیرنصابی سرگرمیوں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرسکتے ہیں، ڈاکٹر عطاء الرحمن

جمعرات 17 ستمبر 2015 23:11

کوئٹہ۔17 ستمبر ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 ستمبر۔2015ء )معروف عالم دین ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ طلباء نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیرنصابی سرگرمیوں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ اسکولوں اور مدارس کے طلباء کے درمیان کھیلوں کے مقابلوں سے ان طلباء کا آپس میں باہمی تعلق اور ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے زیراہتمام آل کوئٹہ اسکول اور مدارس فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں اور شائقین سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں اسکولوں اور مدارس کی مجموعی طور پر کل 16 ٹیموں نے حصہ لیا۔ گذشتہ روز فائنل میچ کے لئے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں گورنمنٹ جامع ہائی اسکول ہدہ اور جامع غوثیہ سریاب روڈ کے مابین ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد گورنمنٹ جامع ہائی اسکول ہدہ نے مخالف ٹیم کو ایک کے مقابلہ میں تین گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فائنل جیت لیا۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی نے جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی دی۔