زائد فیسیں وصول کرنیوالے تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے ،فیسوں کی حد مقرر کرنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

جمعہ 18 ستمبر 2015 21:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء) زائد فیسیں وصول کرنے والے تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور تعلیمی اداروں کی فیسوں کی حد مقرر کرنے کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔وطن پارٹی کے بیرسٹر ظفراﷲ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں تعلیمی ادارے تعلیم کے نام پرلوٹ مار کرنے اور فیسوں کے نام پر بھتہ وصول کرنے میں مصروف ہیں۔

محکمہ تعلیم کے افسران نے رشوت لے کر تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو لوٹ مار کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

مسابقتی کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داریاں بھی پوری نہیں کیں نہ ہی والدین کے احتجاج کے باوجود بھاری فیسیں وصول کرنے والے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کے خلاف کوئی کاروائی کی۔آئین کے آرٹیکل پچیس کے تحت مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے مگر اسکے باوجود حکومت بھی اپنی آئینی ذمہ داریوں سے چشم پوشی کر رہی ہے۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ شہریوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے لئے حکومت کو احکامات صادر کئے جائیں،جبکہ زائد فیسیں وصول کرنے والے تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور تعلیمی اداروں کی فیسوں کی حد مقرر کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔