ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کی سنڈیکٹ کا اجلاس، اختیاراتی باڈیز کی سفارشات پر بحث، مختلف تجاویز کو منظور کرلیا گیا

جمعہ 18 ستمبر 2015 21:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 ستمبر۔2015ء)ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کی سنڈیکیٹ کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی کے مختلف اختیاراتی باڈیز کی سفارشات کو زیر بحث لاتے ہوئے مختلف تجاویز کے ساتھ منظور کیا گیا جبکہ مختلف پی ایچ ڈی سکالرز جنہوں نے اپنی پی ایچ ڈی مکمل کی ان کو ڈگری کی عطائیگی کی بھی منظوری سنڈیکیٹ نے دی۔

ان سکالرز میں ڈاکٹر امجد علی، ڈاکٹر اسرار احمد ، ڈاکٹر زرشاد علی، ڈاکٹر امداد الدین ، ڈاکٹر سہیل احمد ، ڈاکٹر محمد اسلام اور ڈاکٹر مظفر شاہ شامل ہیں۔سنڈیکیٹ نے بعض پروفیسرز کے ٹینور ٹریک سسٹم کے متعلق بھی تجاویز مرتب کیں۔سنڈیکیٹ نے الحاق کمیٹی اور اکیڈیمک کونسل کی سفارشات کی بھی منظوری دی۔

(جاری ہے)

سنڈیکیٹ نے حکومت پاکستان کی طرف سے اردو کو قومی زبان کا درجہ دینے کے متعلق بھی حکومتی احکامات پر عملدرآمد کا فیصلہ بھی کیا۔

یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف ریسرچ اینڈ پلاننگ کی دوبارہ تشکیل کی گئی جس کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈیمک اینڈ ریسرچ کے قیام کی تجاویز منظور کی گئیں تاکہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ اکیڈیمک اینڈ ریسرچ پر بھی توجہ مرکوز کی جائے۔ سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی ترمیمی ایکٹ 2015ء کی رو سے کنٹریکٹ پر ملازمین کی بھرتی کے متعلق ایک کمیٹی بھی قائم کی ۔

وائس چانسلر نے شرکاء سے کہا کہ آج کے اجلاس سے یونیورسٹی میں تعمیر و ترقی ، تعلیمی، تحقیقی و تخلیقی سرگرمیوں کو وسعت ملے گی۔ معزز ممبران کے گرانقدر رائے اور مشوروں کی بدولت آج کی سنڈیکیٹ کی کارروائی نہایت مثبت اور تعمیری انداز میں پایہ تکمیل کو پہنچی۔وائس چانسلر نے کہا کہ ہمارے آج کے فیصلوں سے یونیورسٹی کا مستقبل وابستہ ہے۔ہم نے ایسے اقدامات اور فیصلے کرنے ہیں جن کی بدولت اس اعلیٰ تعلیمی ادارے کی کارکردی میں مزید بہتری آئے اور تعلیم و تحقیق کی سرگرمیوں کو وسعت ملے۔

سنڈیکیٹ کے ممبران جن میں پروفیسر ڈاکٹر مختار حسن ڈین ہیلتھ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین شاہ چیئر مین ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر شاکر اﷲ خان، چیئر مین آرکیالوجی، اکبر خان خزانچی، جمیل الرحمن اسسٹنٹ خزانچی، ڈاکٹر حکیم خان ایسوسی ایٹ پروفیسر جنیٹکس ، لیفٹینٹ کمانڈر(ر) محمود خان رجسٹرار ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ، جسٹس ریٹائرڈ ملک منظور حسین، اکبر خان سواتی ایڈوکیٹ، تاج محمد ڈپٹی سیکرٹری فنانس، محمد سلیم شاہ نمائندہ سٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ، پروفیسر ڈاکٹر قاسم جان مروت، ڈائریکٹر HETTAخیبر پختونخواہ پشاور، پروفیسر عالم زیب شاہ پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج نمبر 1ایبٹ آباد نے شرکت کی۔