چائلڈ لیبر فری صوبہ پنجاب ، ضلع لاہور کے بھٹہ مزدورں کے بچوں کی سکولوں میں داخلہ مہم کا افتتاح

پیر 21 ستمبر 2015 14:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 ستمبر۔2015ء) صوبہ پنجاب کے تمام بھٹہ خشت سے چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے اوربھٹہ مزدوروں کے سکول جانے والی عمرکے بچوں کی بھٹوں کی 2کلومیٹرحدود میں قائم سکولوں میں انرولمنٹ مہم کے دوسرے مرحلے کا آغازکر دیا گیا ہے جس کے تحت ضلع لاہورکے 151بھٹوں پر کام کرنے والے3190بچوں کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کیا جائے گا،مفت تعلیم ، کتابیں اور سکول بیگ بھی فراہم کئے جائیں گے،وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے چائلڈلیبر کے خاتمے کے ویژن کے تحت ضلع لاہور کے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی سکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز 28بچوں کی انرولمنٹ سے کر دیا گیا ہے ۔

صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے الحمراء ہال میں ضلع لاہور میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی سکولوں میں داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع ننکانہ میں داخلہ مہم کے بعد اب ضلع لاہور میں یہ مہم کامیابی سے جاری رکھی جائے گی اور سکولوں میں داخل ہونے والے بچوں کے تعلیمی سلسلے کو بلاتعطل جاری رکھنے کیلئے سخت مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ بچے سب کے سانجھے ہوتے ہیں اور مزدور کے بچے کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کئے بغیر ملک معاشی و معاشرتی طور پر ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ہرقسم کے ذاتی، گروہی ، مذہبی و سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر اپنے ملک،اپنے بچوں اوراپنے مستقبل کی خاطر اپناکردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمارا ٹارگٹ 6ماہ میں بھٹہ مزدوروں پر کام کرنے والے تمام بچوں کو سکولز میں داخل کروانا ہے۔

ضلع لاہور میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی سکول داخلہ مہم کا افتتاح”ماشاء اللہ برکس“ملتان روڈ کے 28 بچوں کو گورنمنٹ پرائمری سکول ٹپہ صمد ملتان روڈ میں داخل کرکے کیا گیا۔ داخل ہونے والے بھٹہ مزدور بچوں میں انرولمنٹ سرٹیفیکٹ بھی تقسیم کئے گئے۔سیکرٹری لیبر عشرت علی، مزدور راہنما خورشید احمد خان،نسیم اقبال، صدر مسلم لیگ (ن) لیبرونگ لاہور شہزاد انور،ڈی جی لیبرمحمد سلیم حسین، ایڈیشنل سیکرٹری لیبر سید مبشر حسین، پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید گل، ڈسٹرکٹ آفیسرلیبر سید حسنات جاوید، بھٹہ مالکان ، مزدوروں اور ان کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ بھٹہ مزدوروں کے 4سے14سال کی عمرکے تمام بچوں کو اکتوبر تک سکولوں میں داخل کروایا جائے گا۔اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ضلعی افسران کو تکنیکی مہارت کے لیے باقاعدہ ٹریننگ دے دی گئی ہے۔ پنجاب کے 6090بھٹوں پر موجود لیبر کے تمام بچوں کو 6ماہ کے دوران سکولوں میں داخل کروانے کے لیے فوری اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر این جی اوز کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ این جی اوز کو ذاتی تشہیر اور مفادات کو پس پشت ڈال کر مزدور طبقے کیلئے کام کرنا ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری لیبر عشرت علی نے کہاکہ حکومت پنجاب چائلڈلیبر کے خاتمے اور تعلیم کے ذریعے بھٹہ مزدوروں کی خوشحالی کے ویژن پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کے سکولوں میں داخلے کی مہم تمام اضلاع میں جاری رہے گی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر اینٹی گریٹڈ پراجیکٹ ڈاکٹر جاوید گل نے اپنے خطاب کے دوران تقریب کے شرکاء کوبھٹہ مزدوروں کے بچوں کیلئے تعلیم کی اہمیت اور سکولوں میں داخلے بارے تفصیلات سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ مفصل سوالناموں کی مدد سے جون کے آغاز میں سروے کا آغاز کیا گیا جس کے نتائج کی روشنی میں انرولمنٹ مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر لیبر لاہور سید حسنات جاوید نے کہا کہ خادم پنجاب کے ویژن کے مطابق ہم سب کو آگے بڑھ کر اس مہم کے لیے کام کرنا ہوگا تاکہ بھٹہ مزدوروں کا کوئی بھی بچہ سکول جانے سے محروم نہ رہے۔تعلیم بھٹہ مزدوروں کے بچوں کا بھی حق ہے اور ان کے ہاتھ میں بھی اینٹ نہیں قلم دوات ہونی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :