آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی سے متعلق ناقص معلومات کی بنیاد پر غلط فہمیاں عام دور کی جا ئیں ،ڈاکٹر محمد قیصر

جمعرات 24 ستمبر 2015 16:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 ستمبر۔2015ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کی زیر صدارت19 ویں ایگزیکٹوبورڈ کا اجلاس ہوا، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچیکے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی مرکز ہمیشہ سے جامعہ کراچی کا لازمی جُز ہے، اسے مادرِ علمی سے کوئی جدا نہیں کرسکتا۔

دوسری جانب ایگزیکٹوبورڈ نے مشترکہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کا اٹوٹ انگ ہے جبکہ اس ادارے کی مادرِ علمی سے علیحدگی سے متعلق چھپنے والی اخبارات کی خبریں بے بنیادہیں۔ اجلاس میں شیخ الجامعہ کراچی اور ڈاکٹر اقبال چوہدری سمیت آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سرپرستِ اعلیٰ پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن، پروفیسرڈاکٹر راحیل قمر (نمائندہ ایچ ای سی)، ڈین فیکلٹی سائنس پروفیسرڈاکٹر ایم نعمت اللہ، ڈین فیکلٹی میڈیسن پروفیسرڈاکٹر ایس ایم عباس حسین، پروفیسرڈاکٹر محمد حارث شعیب (نمائندہ سینڈیکٹ)، پروفیسرڈاکٹر انور علی صدیقی، پروفیسرڈاکٹر جی اے میانہ، رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر معظم علی خان، ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ کی چیئر پرسن نادرہ پنجوانی اور حسین ابراہیم جمال فاونڈیشن کے سربراہ عزیز جمال نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہا بین الاقوامی شہرت یافتہ تحقیقی ادارہ جامعہ کراچی کے منظورشدہ قوانین کے تحت کام کرتا ہے، کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی سے متعلق ناقص معلومات کی بنیاد پر غلط فہمیاں عام کرے، بین الاقوامی مرکز ہمیشہ سے جامعہ کراچی کا لازمی جُز ہے، انھوں نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی ایگزیکٹوبورڈ کے تابع ہوتا ہے جس کی سربراہی شیخ الجامعہ کراچی انجام دیتا ہے جبکہ بورڈ میں سینڈیکیٹ کے نمائندگان، ڈین فیکلٹی آف سائنسز، ڈین فیکلٹی آف میڈیسن، رجسٹرار، ممتاز سائنسدان اور دو مخیّر ارکان عزیز لطیف جمال اور محترمہ نادرہ پنجوانی بھی شامل ہیں۔