یو نیورسٹی آف واہ میں نئے گرلز ہاسٹل کا افتتاح کردیا گیا

منگل 29 ستمبر 2015 16:30

واہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 ستمبر۔2015ء)یو نیورسٹی آف واہ میں نئے گرلز ہاسٹل کا افتتاح کردیا گیا،یونیورسٹی ہذا میں زیر تعلیم دور دراز سے تعلق رکھنے والی طالبات کو یونیورسٹی میں رہائش کی سہولیات میسر ہونگی،جدید سہولیات سے مزین گرلز ہاسٹل کے قیام پریونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں پر چئیرمین پی او ایف بورڈ کاخراج تحسین، تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات چیئرمین پی او ایف بورڈ اور چیئرمین بورڈ آف گورنریونیورسٹی آف واہ نے یونیورسٹی کے لیے نئے تعمیر کردہ گرلز ہاسٹل کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس ہاسٹل میں دور دراز شہروں سے تعلق رکھنے والی 132طالبات کے لیے محفوظ اور آرام دہ رہائش کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ یہ ہاسٹل جدید رہائشی سہولیات سے لیس ہو گا جس میں جدید طرز زندگی کی تمام آسائشیں میسر ہوں گی۔ افتتاح کے بعد چیئرین پی او ایف بورڈ نے ہاسٹل کا دورہ کیا اور یونیورسٹی انتظامیہ کے وژن اور طالبات کے لیے جدید طرز کا ہاسٹل تعمیر کرنے کی کاوش کو سراہا۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف واہ کے وائس چانسلر انجینئر خلیق الرحمان شاد، فیکلٹی ممبران، پی او ایف کے سینئر افسران اور طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔