پاکستان میں مضر صحت پانی سے لگنے والی بیماریوں سے روزانہ سینکڑوں لوگ ہلاک ہو تے ہیں ‘ ایم ڈی واسا

ہمارے ہاں پانی اور سینی ٹیشن ترجیح نہیں رہی ، شارٹ ٹرم منصوبہ بندی مسائل کا حل نہیں ،واٹر ٹیبل بہت نیچے چلا گیا ہے

جمعرات 1 اکتوبر 2015 22:55

پاکستان میں مضر صحت پانی سے لگنے والی بیماریوں سے روزانہ سینکڑوں لوگ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 01 اکتوبر۔2015ء) مینیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری نصیر احمد نے کہا ہے کہ جاپان میں مضر صحت پانی پینے سے چار سے پانچ لوگوں کا انتقال ہونے پر پورے ملک میں ایمر جنسی لگا دی گئی تھی جبکہ پاکستان میں پانی سے لگنے والی مختلف بیماریوں سے روزانہ سینکڑوں لوگ ہلاک ہو جاتے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی واسا نے کہا کہ جاپان نے اس واقعے کے بعد پورے ملک میں سٹڈی کرائی تھی جس کے بعد 1995ء میں اقدامات شروع کئے گئے اور آج جاپان پوری دنیا میں اس لحاظ سے واحد ملک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہمارے ہاں پانی اور سینی ٹیشن ترجیح نہیں رہی ۔ شارٹ ٹرم منصوبہ بندی مسائل کا حل نہیں اس کے لئے لانگ ٹرم منصوبہ بندی بھی کرنا ہو گی ۔واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مدت بھی پانچ یا چھ سال سے زائد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ واٹر ٹیبل بہت نیچے چلا گیا ہے جبکہ اسے ری چارج کرنے کے لئے اقدامات نہیں کئے گئے جس سے یہ غیرمتوازن ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پہلے کمشنر کے ذریعے تجاویز حکومت کو ارسال کی تھیں لیکن وہ آگے نہیں گئیں اب خود سیکرٹری ہاؤسنگ کو یہ تجاویز ارسال کی ہے اور حکومت کو اسے کرنا پڑے گا ۔

متعلقہ عنوان :