پنجاب ایجوکیٹرز ایسو سی ایشن جہلم کے وفد کی ای ڈی او ایجوکیشن سے ملاقات ، اساتذہ کو درپیش مسائل تحریری صورت میں پیش کیے

جمعرات 8 اکتوبر 2015 16:55

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء )پنجاب ایجوکیٹرز ایسو سی ایشن جہلم کے وفد نے ای ڈی او ایجوکیشن جہلم سید وحید الدین شاہ سے ایک اہم ملاقات میں اساتذہ کو درپیش مسائل تحریری صورت میں پیش کیے۔ وفد میں محمد اشفاق حیدر (چیئرمین سپریم کونسل)،چودھری راشد محمود(صدر)، احسان الٰہی شاکر( جنرل سیکرٹری)، کامران یوسف(فنانس سیکرٹری)،منظور حسین (جوائنٹ سیکرٹری)اور قاسم سرور(ڈپٹی فنانس سیکرٹری تحصیل جہلم)شامل تھے۔

اساتذہ کی مستقلی،PSTاورESTاساتذہ کی محکمانہ ترقی،تعلیمی قابلیت میں اضافہ کے لیے NOC کے اجراء،ٹائم ٹیبل کے مسائل،رخصت اتفاقیہ کے حصول میں مشکلات،ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس سے متعلق مسائل اور چند دیگر مسائل تحریری صورت میں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان مسائل کے متعلق مکمل بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ای ڈی او ایجوکیشن جہلم نے یہ مسائل بغور سن کر ان پر فوری عملدرامد کے لیے تمام ڈی ای اوز اور ڈپٹی ڈی ای اوز کو ہدایات جاری کردیں اور پنجاب ایجو کیٹرز ایسو سی ایشن جہلم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ محنت اور لگن سے اساتذہ کے لیے کام کر رہے ہیں ہم اور آپ مل کر ان شاء اللہ اساتذہ کو درپیش مسائل کا خاتمہ کریں گے اور اساتذہ کو معاشرے میں کھویا ہوا مقام دلوائیں گے۔

پنجاب ایجو کیٹرز ایسو سی ایشن جہلم کے وفد نے بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔