جماعت اسلامی کو حکومت میں آنے کا موقع ملا تو قائد اعظم کے اسلامی پاکستان کا ادھورا ایجنڈا پورا کردیں گے ،سینئرصوبائی وزیرعنایت اﷲ خان

جمعرات 8 اکتوبر 2015 19:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) سینئرصوبائی وزیربلدیات ودیہی ترقی خیبرپختونخوا عنایت اﷲ خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو حکومت میں آنے کا موقع ملا تو قائد اعظم کے اسلامی پاکستان کا ادھورا ایجنڈا پورا کردیں گے ۔ سیاسی جماعتوں کے وہ مخلص کارکن جو پاکستان کو ایک اسلامی، فلاحی اور خوشحال مملکت دیکھناچاہتے ہیں ، وہ ہمارے ساتھ مل جائیں ۔

اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہے اور دیانتدار قیادت ہی اس ملک کو خوشحال بنا سکتی ہے۔کرپشن اور لوٹ کھسوٹ سے پاک نظام لانا وقت کی ضرورت ہے۔ ہمارا پختہ عزم ہے کہ ہم نے نظام بدلنا ،کرپشن کو ختم کرنا اور تمام معاملات میں شفافیت لانا ہے ۔ صوبے کے پائیدار ترقی ، عوام کی خوشحالی اور روشن مستقبل کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

وقت آگیا ہے کہ عوام ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ وہ اپنے دفتر میں بنوں ، مردان ، سوات اور پشاور کے مختلف وفود سے با ت چیت کر رہے تھے ۔ سینئر صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان نے وفود سے بات چیت کر تے ہوئے کہاکہ جما عت اسلامی کی قیادت اور اس کی ہر سطح کی قیادت ہر طرح کی کرپشن سے پاک ہے اور موجودہ حکومت میں جماعت کے وزرا ء کی مثالی کارکردگی کے مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے صوبہ کو ایک ایسا بلدیاتی نظام دیا ہے جس سے تمام علاقے ترقی کی دوڑ میں ایک سطح پر آئیں گے۔ سینئر وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی نے کئی بار اس صوبہ میں حکومت کی۔ اے این پی نے بھی اپنی باری گزاری لیکن کسی کو بلدیاتی انتخابات کا شرف نہیں ملا یہ اعزاز جماعت اسلامی کو حاصل ہے کہ اس نے اپنے دور میں انتخابات کرائے اور عوامی نمائندوں کو با اختیار بنایا۔انھوں نے کہا کہ ہم نے تہیہ کر رکھا ہے کہ اس بار ان لوگوں کی اجارہ داری ختم کریں گے اور جمہوری اداروں کو مستحکم کیا جائے گا۔