وزیر اعظم کو توانائی مسئلے کے مستقل حل کیلئے میثاق جمہوریت کی طرح توانائی پر قومی کانفرنس منعقد کرنے کی تجویز

متنازعہ معاملات کو چھیڑنے کی بجائے قومی یکجہتی اور اتحاد کا ثبوت دیا جائے؛سینیٹر نثار محمد

منگل 13 اکتوبر 2015 18:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اکتوبر۔2015ء ) مسلم لیگ(ن) کے سینیٹرنثار محمد نے وزیر اعظم کو توانائی مسئلے کے مستقل حل کیلئے میثاق جمہوریت کی طرح میثاق توانائی کیلئے قومی کانفرنس منعقد کرنے کی تجویز دے دی۔سینیٹر نثار محمد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی سیاسی قیادت کی حب الوطنی شک و شبہ سے بالاتر ہے۔متنازعہ معاملات کو چھیڑنے کی بجائے قومی یکجہتی اور اتحاد کا ثبوت دیتے ہوئے ملک و ملت کی خاطر سیاسی بلوغت کا مظاہرہ ہونا چاہیے۔

سینیٹر نثار محمد نے کہا کہ لوڈ شیدنگ کے مکمل خاتمے کا مستقل حل نکالنے کیلئے منڈا ،بھاشا ،دھاسوڈیموں سے ملکی ضرورت سے زائد بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔منڈا ڈیم پانی کا سب سے بڑا قدرتی ذخیرہ ہے جو نہ صرف پنجاب سندھ کو سیلاب سے بچانے کا ذریعہ ہے بلکہ زراعت کیلئے بھی اہم ہے۔

(جاری ہے)

سستی بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے تجویز دیتے ہوئے سینیٹر نثار محمد خان نے کہا کہ فرنس آئل ،گیس اور ڈیزل سے مہنگی بجلی پیدا کرنے کی بجائے مستقبل کیلئے سستی بجلی پیدا کرنے کا مستقل حل ہائیڈرل پاور منصوبوں میں مضمر ہے۔

جس سے نہ صرف ملکی طلب کو پورا کر سکیں گے بلکہ مالی وسائل بھی بچا سکیں گے ۔وفاقی حکومت منڈا ڈیم کو جلد از جلد مکمل کر کے قوم کو بجلی اور پانی دونوں کا بڑا تحفہ دے سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے ذریعے بھی کئی میگا واٹ بجلی بھی پیدا کی جا سکتی ہے۔`

متعلقہ عنوان :