یونیورسٹی کے بعد جھنگ میں پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ اہل جھنگ کے لئے دوسری بڑی خوشی ہے‘راشدہ یعقوب شیخ

ہفتہ 17 اکتوبر 2015 15:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اکتوبر۔2015ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے بعد جھنگ میں پاور پلانٹ لگانے کا فیصلہ اہل جھنگ کے لئے دوسری بڑی خوشی ہے ، توانائی بحران کے خاتمے کے لئے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں دن رات کی جانے والی کاوشیں رنگ لارہی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کیا جا رہاہے او ریہ توانائی کے منصوبے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے دور کرنے کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ اڑھائی برس میں ملک میں منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل کی شفاف پالیسی پر اگرماضی کے 68 برس میں عمل کیا جا تا تو پاکستان آج بھکاری نہ ہوتا بلکہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہوتا۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں جس منزل کی جانب قدم اٹھایاہے، انشاء الله محنت اور جہد مسلسل سے وہ منزل ضرور حاصل کریں گے اورملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لائیں گے اور پاکستان کو صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گیس کی بنیاد پر بجلی کے حصول کے3600میگا واٹ منصوبو ں میں غریب قوم کے 110ارب روپے بچائے گئے ہیں اور یہ بچائے ہوئے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر صرف ہوں گے۔