سالانہ بنیادوں پر منعقد ہونیوالے کوالٹی ایشورینس ٹیسٹ کے پرچہ جات کی دوبارہ جانچ پڑتال کا طریقہ کار تبدیل

منگل 20 اکتوبر 2015 13:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اکتوبر۔2015ء)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے سالانہ بنیادوں پر منعقد ہونے والے کوالٹی ایشورینس ٹیسٹ کے پرچہ جات کی دوبارہ جانچ پڑتال کا طریقہ کار تبدیل کردیاہے، اس حوالے سے ڈائریکٹر اکیڈمک ڈویلپمنٹ یونٹ کی جانب سے محکمانہ سرکلر جاری کر دیا گیاہے۔سرکلر کے مطابق رزلٹ کی تاریخ کے 20 یوم کے اندر مجوزہ فارم پر مقررہ فیس کے ساتھ درخواست دینا ضروری ہوگا۔

(جاری ہے)

مقررہ وقت گزرنے کے بعد مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد مزید 10 دن درخواست جمع کروانے کے لئے دیے جاسکتے ہیں جس کے لئے مقررہ فیس جمع کروانا لازم ہوگا۔ درخواست کی مکمل جانچ پڑتال کے بعدوقت اور تاریخ کے بارے میں درخواست گزار کو تحریری مطلع کر دیا جائے گا اور اکیڈمک ڈویلپمنٹ یونٹ مجازآفیسر کی منظوری اور فیس کی تصدیق کے بعد 30 دن کے اندر جانچ پڑتال کے عمل کو مکمل کرے گا۔واضح رہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سکولوں کا ہر سال کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ لیا جاتا ہے، اس ٹیسٹ کے انعقاد کا مقصد پارٹنر سکولوں کے تعلیمی معیار کی جانچ پڑتال ہے۔