پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے ایجوکیشن ووچر سکیم کا 15واں مرحلہ لانچ کردیا

بدھ 21 اکتوبر 2015 16:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بے وسیلہ بچوں کی مفت تعلیم کے منصوبے ''ایجو کیشن ووچر سکیم "میں توسیع کا 15 واں مرحلہ لانچ کردیا، اس مقصد کے لئے نجی سکولوں اور غیر سرکاری تنظیموں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں، اس توسیع کے دوران ایک لاکھ 25 ہزار مستحق بچوں کو تعلیمی ووچر ز جاری کئے جائیں گے۔

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق "ایجو کیشن ووچر سکیم "میں توسیع کے 15 ویں مرحلے کے لئے 16اضلاع کا انتخاب کیا گیاہے۔ ان اضلاع میں فیصل آباد ، جھنگ، شیخوپورہ، قصور،اوکاڑہ، رحیم یارخان، ملتان، بہاول پور، بہاول نگر،خانیوال،راجن پور، ڈیرہ غازی خان، وہاڑی،لودھراں ، مظفرگڑھ اور خوشاب شامل ہیں۔ان اضلاع کی منتخب کردہ یونین کونسلز میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نجی سکولوں اور کم ازکم تین سال تجربے کی حامل این جی اوز سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ "ایجو کیشن ووچر سکیم "کے تحت 36 اضلاع میں مستحق طلباء وطالبات کو پارٹنر سکولوں میں میٹرک تک مفت تعلیم کے لیے تین لاکھ 21 ہزار ووچرز جاری کیے گئے ہیں،15 ویں مرحلے کی تکمیل پر یہ تعداد چار لاکھ 46 ہزار تک پہنچ جائے گی۔ ترجمان نے مزیدبتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن منتخب کردہ سکولوں کو ووچر کی مد میں 550 روپے فی بچہ برائے پرائمری سیکشن، 600 روپے برائے ایلیمنٹری اور 700 روپے برائے سیکنڈری کلاسز ادا کرتی ہے، تاہم پارٹنر شپ میں آنے والے تعلیمی ادارے ووچر والے طالب علموں سے کسی بھی مد میں کوئی رقم وصول نہیں کر سکتے۔