نرسنگ سکول جنرل ہسپتال میں داخلے کیلئے حافظ قرآن طالبات کا ٹیسٹ کل ہوگا

پیر 26 اکتوبر 2015 14:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر۔2015ء)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر خالد محمود نے نرسنگ سکول جنرل ہسپتال میں تربیتی کورس میں داخلے کیلئے حافظ قرآن امیدوار بچیوں کے ٹیسٹ کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جو کل 27اکتوبر (بروزمنگل ) کو امیدواروں کا ٹیسٹ لے گی۔ کامیاب امیدواروں کو حکومتی پالیسی کے مطابق اضافی نمبر ملیں گے۔

(جاری ہے)

پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ نرسنگ کے مذکورہ تین سالہ تربیتی کورس کے لیے 58سیٹوں پر1250امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں جن میں سے 14 بچیوں نے حافظ قرآن ہونے کے سرٹیفکیٹ بھی جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نرسنگ سکول میں داخلے کے لیے ایف ایس سی پاس امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے داخلہ کمیٹی کے ارکان کو ہدایت کی کہ وہ داخلوں میں میرٹ کے حصول پر سختی سے عمل کریں اور منتخب ہونے والی امیدواروں کے تعلیمی اسناد و ڈومیسائل کی جانچ پڑتال و تصدیق بھی ضرور کروائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی اسناد بوگس ثابت ہونے پر امیدوار کا داخلہ منسوخ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ منتخب امیدواروں کو حکومتی پالیسی کے مطابق ماہانہ وظیفہ اور ہاسٹل میں فری رہائش بھی دی جائے گی۔