اوپن یونیورسٹی کے ایس ایس سی، ایف اے، بی اے، اور بی ایس کمپیوٹر سائنس کے سالانہ امتحانات (کل) شروع ہونگے

اتوار 1 نومبر 2015 15:37

اسلام آباد ۔یکم نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔1نومبر۔2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ایس ایس سی، ایف اے، بی اے اور بی ایس کمپیوٹر سائنس پروگراموں کے سالانہ امتحانات (کل) پیر2 نومبر سے شروع ہونگے۔ طلبہ کو رول نمبر سلپس ان کے ڈاک پتوں پر ارسال کر دی گئی ہیں۔ کنٹرولر امتحانات کے مطابق ان پروگراموں کے طلبہ کی سہولت کیلئے ڈیٹ شیٹس علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pk پر آٓویزاں کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں 850 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جو طلبہ کے رہائشی علاقوں کے قریب ترین مقامات پر مقرر کئے گئے ہیں جن طلبہ کو ابھی تک رول نمبر سلپس موصول نہیں ہوئی ہیں انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ علاقائی دفاتر یا سپرنٹنڈنٹ شعبہ امتحانات سے ڈپلیکیٹ رول نمبر سلپس کے حصول کیلئے رجوع کریں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی نے حال ہی میں مجموعی امتحانی نظام میں شفافیت اور اس کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں تاکہ بتدریج آٹومیشن سسٹم کی جانب بڑھا جا سکے۔ امتحانی پرچوں کی مارکنگ اور چیکنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔