بھارتی جوتشی بیجن دارو والا نے وزیراعظم نریندر مودی کے مستقبل بارے پیشن گوئی کرکے حکمران جماعت بی جے پی کو مشکل میں ڈال دیا

پیر 2 نومبر 2015 12:33

بھارتی جوتشی بیجن دارو والا نے وزیراعظم نریندر مودی کے مستقبل بارے ..

اندور ۔ 2 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔2 نومبر۔2015ء) معروف بھارتی جوتشی بیجن دارو والا نے وزیراعظم نریندر مودی کے مستقبل بارے پیشن گوئی کرکے حکمران جماعت بی جے پی کو مشکل میں ڈال دیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بیجن دارو والا نے نریندر مودی کا ہاتھ دیکھ کر پیشن گوئی کی ہے کہ آنے والے وقت میں ان کی جماعت بی جے پی جو ایک کزور جماعت ہے ان کیلئے مسائل پیدا کرے گی۔

بیجن دارو والا نے مزید کہا کہ نریندر مودی کے ہاتھ پر لکیریں نہیں بلکہ ابھار ہیں جو ان کی طاقتور شخصیت کی علامت ہیں لیکن ان کی جماعت کمزور ہے اور یہی بات ان کیلئے مسائل کا باعث بنے گی۔ بعض بھارتی ذرائع ابلاغ نے ایک تصور بھی جاری کی ہے جس میں نریندر مودی کو بیجن دارو والا کو اپنا ہاتھ دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نریندر مودی کی جماعت بی جے پی نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ایک جوتشی سے گلے ملتے دکھایا گیا ہے۔

اس ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے نریندر مودی نے ایک جلسہ سے خطاب میں کہا تھا کہ ان کے مخالفین جن میں کانگریس، جے ڈی یو اور آر جے ڈی پر مشتمل مہاگتھ بندن شامل ہے ریاست میں اپنی شکست سامنے دیکھ کر جوتشیوں سے رجوع کر رہے ہیں۔ نریندر مودی نے انتخابی جلسے میں سوال کیا کہ ریاست بہار کو جمہوریت کی ضرورت ہے یا جنتر منتر کی۔ اور کیا 18ویں صدی کی سوچ رکھنے والوں کے ہاتھوں میں اقتدار جانے کی صورت میں ریاست میں ترقی و خوشحالی کا کوئی امکان ہے۔ چنانچہ بی جے پی کی اس حرکت کے جواب میں نریندر مودی کے جوتشی کو ہاتھ دکھانے کی تصویر جاری کردی گئی ہے اور مودی اب روشن خیالی کے نام نہاد دعوؤں اور اپنے حقیقی کردار کے تضاد میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔