ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی نے اپنی نئی ویب سائٹ کا آغاز کر دیا

پیر 2 نومبر 2015 18:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 نومبر۔2015ء)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)نے اپنی نئی ویب سائٹ کا آغاز کر دیا۔ ٹیوٹا کی نئی ویب سائٹ (www.tevta.gop.pk)کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کو صارف کی سہولت کیلئے اس طرح ترتیب دیا گیا ہے تاکہ اسے اپنی مطلوبہ معلومات کے حصول کیلئے آسانی ہو۔

ویب سائٹ کو مزید جامع کرنے کیلئے اس پر تصاویری مواد بھی رکھا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایم آئی ایس) ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے جائزہ کار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران عبدالقیوم، مقصود احمد، مصطفی کمال پاشا، عامر حسن، سرفراز انور اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ڈیزائن کو حتمی شکل دیتے وقت ویب سائٹ کودیکھنے والوں کیلئے پرکشش بنایا گیا ہے۔ نئی ویب سائٹ کو مرکزی خیال، آسان موضوع اور وزٹ کرنے والے کیلئے توجہ کا مرکز بنایا گیا ہے۔ویب سائٹ میں آسان براؤزنگ ہو گی اور اس میں تمام مشہور ویب براؤزرز فائر فوکس، گوگل کروم، سٖفاری، اوپیرا اور انٹرنیٹ ایکسپلوررسے مطابقت کیا گیا ہے۔

چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزیدکہا کہ ویب سائٹ میں سکلڈ لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم ( ایس ایل ایم آئی ایس) کو بھی لنک کیا گیا ہے۔ٹیوٹا کے فارغ التحصیل نوجوان اس سسٹم پر اپنے کوائف بھیج سکتے ہیں۔ٹیوٹا پنجاب کا لیبر مارکیٹ انفارمیشن سسٹم( ایل ایم آئی ایس) پنجاب کی لیبر مارکیٹ کے رجحانات اور ضروری بنیادی معلومات جیسے ہنر مند افراد کی تربیت کے مواقع ٹریڈ اور ٹیکنالوجی کی تفصیلات تربیتی کورس اور اداروں سے فارغ التحصیل طلباء کی معلومات اور پنجاب بھر کے چھوٹے بڑے کاروباری صنعتی اداروں میں پیدا ہونے والی ملازمت کی آسامیوں کے بارے میں معلومات دے گا۔