نجی تعلیمی اداروں کی ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی میں رجسٹریشن کے لئے آخری تاریخ 27 نومبرمقرر

منگل 17 نومبر 2015 13:36

ایبٹ آباد۔ 17 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 نومبر۔2015ء) ضلع ایبٹ آباد کی حدود میں واقع تعلیمی ادارے جن کی رجسٹریشن ہزارہ یونیورسٹی سے ایبٹ آباد یونیورسٹی میں منتقل ہونی ہے، کا اجلاس ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل رجسٹرار اکیڈمک شاہ روم خان نے کی۔ اجلاس میں تمام نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی جبکہ یونیورسٹی کی طرف سے ڈائریکٹر اکیڈمک و چیئرمین فارمیسی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اظہر شیر خیلی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رضوان، ڈپٹی کنٹرولر اختر اقبال، اسسٹنٹ کنٹرولر علی زیب خان، ٹریژیر سردار غلام علی،شعبہ امتحانات سردار فرخ سلیم اور بابر خان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں جنہیں یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے سراہا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل رجسٹرار اکیڈمک شاہ روم خان نے کہا کہ تعلیمی اداورں کے سویچنگ اوور کیلئے کوئی فیس مقرر نہیں کی گئی تاکہ تعلیمی اداروں کو مالی بوجھ سے بچایا جا سکے جبکہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طلباء وطالبات کیلئے رجسٹریشن کرانے کی حتمی تاریخ 27 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

شاہ روم خان نے نجی تعلیمی اداورں کے نمائندگان سے کہا کہ وہ اپنا معیار تعلیم مزید بہتر بنانے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائیں اور اس سلسلہ میں یونیورسٹی کی طرف سے بھرپور تعاون کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کریں گے۔ اس موقع پر تمام نمائندگان نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :