کراچی ، اسحاق ڈار کی گورنرسندھ عشرت العباد خان سے ملاقا ت

پاک چائنا تجارتی راہداری پر عملدرآمد سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی،وزیر خزانہ

منگل 17 نومبر 2015 23:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ شام گورنر ہاؤس میں گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقا ت کی ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گورنر سندھ کو معاشی اہداف کے حصول ، معیشت کے استحکام ، صوبہ سندھ باالخصوص ملک کے اقتصادی حب کراچی میں سرمایہ کاری کے لئے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش ماحول کی ترغیب کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے بتایا کہ پاک چائنا تجارتی راہداری پر عملدرآمد سے پاکستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ جلد از جلد پاکستان کے معاشی مسائل حل ہوسکیں تاکہ ملک معاشی طور پر مستحکم ہو سکے ، وفاقی حکومت کی خواہش ہے کہ کراچی کے اہم منصوبوں فراہمی آب کا عظیم الشان منصوبہ K-IV اور نکاسی آب کا منصوبہ S-III ، گرین لائن بس سروس اور موٹر وے منصوبہ M-9 پر کام جلد از جلد شروع ہو اور وقت مقررہ پر یہ تمام منصوبے تکمیل کو پہنچ جائیں اس سلسلے میں وزیر اعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ ان منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہئے تاکہ عوام کو بر وقت ریلیف حاصل ہوسکے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے اہم میگا منصوبے شہر کی لائف لائن بن چکے ہیں جن کی تکمیل سے شہرکے پیچیدہ مسائل حل ہونگے اور عوام کو طویل عرصے تک ریلیف حاصل ہو سکے گا اوریہ بات خوش آئند ہے کہ وفاقی حکومت ان منصوبوں کی وقت مقررہ پر تکمیل کے لئے پرعزم ہے