پاکستانی خواتین اعلیٰ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں،ان کی فعال شمولیت ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن ، رزینہ عالم خان اور فرخ خان کا سیمینار سے خطاب

منگل 24 نومبر 2015 17:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن اور قومی اسمبلی کی رکن ماروی میمن نے کہاہے کہ پاکستانی خواتین معاشرتی ناہمواریوں کے باوجود خداداد صلاحیتوں سے مالا مال اور زندگی کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کی حامل ہیں، پاکستان جیسے ملک میں جہاں خواتین آبادی کا اکاون فی صد ہیں ، ملکی تعمیر وترقی کا کوئی بھی خواب اُن کی فعال شمولیت کے بغیر پورا نہیں ہو سکتا، اس لئے حکومت نے خواتین کی بہبود کے کئی منصوبے جاری کئے ہیں جن کے تحت خواتین کو حصول تعلیم کے مساوی مواقع کے علاوہ دورانِ کار سہولتیں، تحفظ اور برابری کی بنیاد پر معاشی مراعات فراہم کی جارہی ہیں۔

وہ نظریہ پاکستان کونسل کے تحت ایوانِ قائد میں ’استحکامِ پاکستان میں خواتین کا کردار‘ کے موضوع پر منعقدہ سمینار میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں کو مستحکم رکھنے میں خواتین کو اپنی ذمہ داریوں کا مکمل ادراک بھی ہونا چاہیے جس میں بحیثیت ماں اپنے بچوں کی درست خطوط پر تربیت کو اولیت حاصل ہے کیونکہ ماں کی تربیت ہی سے کسی معاشرے کو بہتر انسان میسر آتے ہیں۔

وقت کی ضرورت ہے کہ پاکستانی عورت اپنی اولاد کو برداشت ، کشادہ دلی اور انسان دوستی کے علاوہ اسلام کے سچے اصولوں کی پیروی کا سبق دے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب عورت کو مکمل سہولتیں اور قابلِ عزت مقام دیتا ہے۔ جس کی فراہمی یقینی بنانا اس معاشرے ، حکومت اور ہم سب کا مشترکہ فریضہ ہے۔ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے نیشنل کمیشن فارہیومین ڈویلپمنٹ کی چیئرپرسن اور کونسل کے تعلیم نیٹ ورک پروگرام کی سربراہ سینیٹر رزینہ عالم خان نے کہا کہ خواتین نے تحریک پاکستان میں اور حصولِ آزادی کی جدوجہد میں جو مثبت کردار ادا کیا تھا ، آج تکمیل پاکستان کیلئے بھی اسی جذبے اور احساسِ ذمہ داری کی ضرورت ہے۔

اس مقصد کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ معاشرے میں ناخواندگی کی شرح کم سے کم کی جائے اور خواتین کیلئے تعلیم کے زیادہ مواقع فراہم کر کے ملکی ترقی میں کردار اداکرنے کیلئے اُن میں شعور اور آگہی پیدا کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتیں منوا رہی ہیں، جس سے ملک کے مستقبل کیلئے امید افزا پیغام مل رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرنے ہوئے کونسل کی مجلس عاملہ کی سینئر رکن اور معروف سماجی شخصیت مسز فرخ خان نے کہا کہ خواتین مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کو اپنا رول ماڈل بنا کر انہی کے جذبے اور احساس کے ساتھ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ تاہم ضروری ہے کہ خواتین کو مکمل معاشری تحفظ، علاج معالجے کی بہتر سہولتیں، حصولِ تعلیم کے مواقع ، صِنفی برابری کا حق اور خواتین کی بہبود کیلئے بنائے گئے قوانین سے استفادے کا سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔

تقریب کی نظامت معروف شاعرہ اور ڈرامہ نگار فرحین چوہدری نے کی اور اپنے ابتدائیے میں کہا کہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کیلئے موافق ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔تقریب میں ہر شعبہ زندگی کی نمائندہ خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :