سابق صدر زرداری کے خلاف غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس کیس کی سماعت ،نیب کے تفتیشی افسر کا بیان قلمبند

جمعرات 26 نومبر 2015 13:31

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 نومبر۔2015ء) احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس کیس میں نیب کے تفتیشی افسر قمر شہزاد کا بیان قلمبند کرلیا گیا‘ کیس کی آئندہ سماعت 2دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف احتساب عدالت میں غیر قانونی اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

استغاثہ کے گواہ احمد جواد مرزا کے حوالے سے نیب نے رپورٹ پیش کردی جس میں کہا گیا ہے کہ احمد جواد مرزا کے وارنٹ کی تعمیل نہیں ہوسکی۔ عدالت نے سمن کے تعمیل کنندہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ نیب کے تفتیشی افسر قمر شہزاد کا بیان بھی قلمبند کرلیا گیا۔ کیس کی سماعت دو دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔ واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری دو روز قبل ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز سے بری ہوچکے ہیں اور اب یہ ان کے خلاف تیسرا اور آخری ریفرنس ہے۔