بچے کو صحیح مسلمان اور ایک ذمہ دار شہری بنانا وحدت اساتذہ کا نصب العین ہے ‘صدر وحدت اساتذہ مردان

پیر 7 دسمبر 2015 12:55

مردان۔07 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 دسمبر۔2015ء )وحدت اساتذہ ضلع مردان کے صدر حافظ انعام الرحمان نے کہا ہے کہ بچے کو صحیح مسلمان اور ایک ذمہ دار شہری بنانا وحدت اساتذہ کا نصب العین ہے وحدت اساتذہ پاکستان اساتذہ اور طلبہ کی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، انہوں نے ان خیالات کا اظہار وحدت اساتذہ ضلع مردان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس سے صوبائی صدر قاضی سید الابرار،سابق ضلعی صدر فضل اللہ،تحصیل صدر ہمایون خان،ضلعی پریس سیکرٹری عبدالاول ضیاء اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ انعام الرحمان نے کہا کہ اساتذہ کے مسائل کے ساتھ ساتھ تعلیمی نصاب پر بھی ہماری نظر ہے اور تعلیمی نصاب کو غلطیوں سے پاک کرنے اور اسے اسلامی خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کو صحیح مسلمان اور ایک ذمہ دار شہری بنانا ہمارا نصب العین ہے حافظ انعام الرحمان نے کہا کہ بہت جلد ضلع ناظم اور تحصیل اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سے اساتذہ کے مسائل کے حل کے سلسلے میں ملاقاتیں کی جائیں گی۔