شعبہ اردوپنجاب یونیورسٹی ، اردو کا سب سے بڑا مرکز ہے

شعبۂ اردو، اوساکا یونیورسٹی، جاپان کے پروفیسر سویامانے کی پنجاب یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر بات چیت

جمعہ 11 مارچ 2016 20:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) شعبۂ اردو، اوساکا یونیورسٹی، جاپان کے پروفیسر سویامانے، نے پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے شعبۂ اردو کے اساتذہ سے خصوصی ملاقات کی، انھوں نے بتایا کہ وہ اسی عظیم ادارے سے فارغ التحصیل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں زبان و ادب کے فروغ کے حوالے سے اورینٹل کالج کی خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے اور اورینٹل کالج کا شعبۂ اردو، اردو کے فروغ و ارتقاء کے ضمن میں سب سے اہم مرکز ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرنسپل و ڈین کلیۂ علومِ شرقیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد فخرالحق نوری، صدرِ شعبۂ اردو پروفیسر ڈاکٹر محمدکامران، پروفیسر ایمریطس ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا، پروفیسر ڈاکٹر زاہد منیر عامر اور ڈاکٹر مرغوب حسین طاہر بھی موجود تھے۔ صدرِشعبۂ اردو و کنوینر اردو ڈیولپمنٹ کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے پروفیسر سویامانے کو اردو کا سفیر قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران کی خصوصی دلچسپی اور سرپرستی کے باعث شعبۂ اردو میں بہت سے علمی منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔ انھوں نے شعبۂ اردو سے شایع ہونے والی کتب کا ایک سیٹ بھی پروفیسر سویامانے کی خدمت میں پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :