اپو زیشن پی آئی اے کی نجکاری نہیں کرنے دے گی ‘ پی آئی اے کو موجودہ حالت میں بحال کیا جائے، مشرف کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میں مک مکا ہے ‘ حکومت عدلیہ کے کندھوں پر سوار ہے

جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اﷲ کی میڈیا سے بات چیت

پیر 21 مارچ 2016 21:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اﷲ نے کہا ہے کہ متحدہ اپو زیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری نہیں کرنے دے گی ‘ پی آئی اے کو موجودہ حالت میں بحال کیا جائے اور اصلاح کی جائے ‘ پی آئی اے کی بحالی کیلئے ایک سال کا وقت دیا جائے اور کرپٹ اور بددیانت لوگو ں کو ادارے سے نکالا جائے ‘ مشرف کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) دھوکہ دے رہی ہیں ‘ حکومت عدلیہ کے کندھوں پر سوار ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

پیرکو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مشرف کے معاملہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا مک مکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی آئی اے کو موجودہ حالت میں بحال کرنا چاہیے اور اس کی اصلاح کی جائے۔ مشرف کے معاملہ پر حمام میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں ننگی ہیں۔ آصف زرداری کے بحیثیت صدر پاکستان بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کو گرفتار نہ کرانا افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپو زیشن پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے حکومت سے دوبارہ مذاکرات کرے گی۔ قومی ایئر لائن کے ملازمین اور اثاثوں کے حوالے سے تفصیل سے بحث ہو گی۔