پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن پارٹنر سکولوں کے اساتذہ کی کیپسٹی بلڈنگ کرے گی‘طارق محمود

منگل 22 مارچ 2016 16:28

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 مارچ۔2016ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بے وسیلہ بچوں کی مفت تعلیم کے منصوبوں کے فیز ایک تا پانچ سے منسلک سکولوں کے اساتذہ کی کپیسٹی بلڈنگ کے لیے145 تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرے گی،یہ تربیتی ورکشاپس 2016-17 کے دوران صوبے کے 36اضلاع میں منعقد کی جائیں گی،اس تربیتی پروگرام کا مقصد اساتذہ کو جدید تعلیمی تصورات سے آگاہ کر کے کوالٹی ایجوکیشن کا حصول ہے۔

یہ بات ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے یہاں اپنے دفتر میں منعقدہ ہفتہ وار رابطہ اجلاس سے خطاب میں کہی۔اجلاس میں ڈپٹی ایم ڈی (آپریشنز)طارق رفیق ،پروگرام ڈائریکٹرز اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈائریکٹو ریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ کے توسط سے جھنگ، میانوالی، پاکپتن، راجن پور ، بہاول نگر اور چکوال کے پارٹنرسکولوں کے ہیڈٹیچرزاور ٹیچرز کی جدید خطوط پر تربیت آئندہ ماہ اپریل سے شروع کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

پہلے درجے کی تربیت مکمل کرنے والے اساتذہ کو دوسرے اور تیسرے درجے کی تربیت بھی مفت دی جائے گی۔ہیڈ ٹیچر زکی تربیت چار یوم جبکہ ٹیچرز کی ٹریننگ پانچ یوم پر محیط ہوگی۔ایم ڈی پیف طارق محمود نے ہدایت کی کہ پارٹنر سکولز سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم کے ریکارڈ کو آئندہ 48گھنٹوں میں اپ ٹو ڈیٹ کر لیں تاکہ ان کے ماہانہ واجبات کی ادائیگی میں تاخیر نہ ہو۔

اسی طرح پروگرام ڈائریکٹرزسکول پارٹنر زسے رابطہ کر کے طالب علموں کے والدین کے شناختی کارڈ اور طالب علموں کے فارم ب کی موجود گی کے حوالے سے اپناریکارڈاپ ٹو ڈیٹ رکھیں۔ اجلاس نے فیصلہ کیا کہ پارٹنر سکولوں کی جماعت اول کوبھی کوالٹی ایشورنش ٹیسٹ میں شامل کیا جائے گا۔اسی طرح پارٹنر سکولوں میں پانچ تا نو سال کی عمر کے بچوں کو ہی داخلہ دیا جائے گااورپیف کی جانب سے اس سے کم عمر بچوں کی فیس کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔

مزید برآں آئندہ ماہ اپریل سے نیا داخلہ فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ کی فراہمی سے مشروط ہوگا۔ایم ڈی پیف نے مزید ہدایت کی کہ پارٹنر سکولز 23مارچ کو یوم پاکستان بھر پور جذبے اور شان وشوکت سے منائیں اور طالب علموں کو قرار داد پاکستان کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :