یوم پاکستان سے ایک ہفتہ قبل آئین اور قانون کی حکمرانی کا مذاق اڑایا گیا، 76ویں یوم پاکستان کے موقع پر بھی تمام شہری قانون کی نظر میں برابر نہیں ،کچھ مقدس گائیں ابھی بھی قانون سے بالاتر ہیں، موجودہ عدالتی نظام میں انصاف نہیں ملتا ، قانون کی حکمرانی کو پاؤں تلے روندا جاتا ہے ، قوم اس مسئلے کے حل کو ڈھونڈنے میں ناکام ہو چکی ہے

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف علی زرداری کا پیغام

منگل 22 مارچ 2016 21:45

یوم پاکستان سے ایک ہفتہ قبل آئین اور قانون کی حکمرانی کا مذاق اڑایا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اورسابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہاہے کہ پاکستان میں ایک ایسا عدالتی نظام ہے جس سے انصاف بدقسمتی سے نہیں ملتا اور قانون کی حکمرانی کو پاؤں تلے روندا جاتا ہے ، پاکستانی قوم اس مسئلے کے حل کو ڈھونڈنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ یہ انتہائی تکلیف دہ صورتحا ل ہے کہ 76ویں یوم پاکستان کے موقع پر بھی تمام شہری قانون کی نظر میں برابر نہیں ہیں اور کچھ مقدس گائیں ابھی بھی قانون سے بالاتر ہیں ، اس مرتبہ یوم پاکستان سے ایک ہفتہ پہلے ہی آئین اور قانون کی حکمرانی کا مذاق اڑایا گیا، ہمارے اصولوں کو انتہاپسندوں سے بھی خطرات درپیش ہیں،قانون کی نظر میں سب برابر ہونے چاہئیں ۔

قوم کو 76ویں یوم پاکستان پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے تہنیتی پیغام میں آصف زرداری نے کہا کہ آج یوم پاکستان کی خوشی مناتے ہوئے ہمیں خود کو جمہوری اصولوں، قومی کی حکمرانی اور پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے لئے وقف کردینا چاہیے کیونکہ یہی وہ رہنما اصول تھے جن کے لئے ہم نے برصغیر میں مسلمانوں کے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں ہم فلاحی ریاست کی بجائے سکیورٹی ریاست بن گئے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنی توجہ جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور ہمہ جہت معاشرے کے قیام کے لئے مرکوز کرلینی چاہیے کیونکہ یہی وہ اصول ہیں جن کے لئے پاکستان بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں ایک ایسا عدالتی نظام ہے جس سے انصاف بدقسمتی سے نہیں ملتا اور قانون کی حکمرانی کو پاؤں تلے روندا جاتا ہے اور پاکستانی قوم اس مسئلے کے حل کو ڈھونڈنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

یہ انتہائی تکلیف دہ صورتحا ہے کہ 76ویں یوم پاکستان کے موقع پر بھی تمام شہری قانون کی نظر میں برابر نہیں ہیں اور کچھ مقدس گائیں ابھی بھی قانون سے بالاتر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ یوم پاکستان سے ایک ہفتہ پہلے ہی آئین اور قانون کی حکمرانی کا مذاق اڑایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اصولوں کو انتہاپسندوں سے بھی خطرات درپیش ہیں جو مذہب کا نام لے کر اپنا قدامت پسندانہ، خواتین دشمن اور غیر مسلم دشمن ایجنڈا ہم پر بزور مسلط کرنا چاہتے ہیں۔

اس لئے ہمیں آج اس بات کی یاددہانی کرنی چاہیے کہ اپنے عدالتی نظام میں اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔ ہمیں یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ ہم پاکستان بنانے والوں کے نظریے کے مطابق غیرمسلم شہریوں کے حقوق کا تحفظ کریں اور قانون کی نظر میں سب برابر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ ہماری ان کوششوں کو کامیاب کرے جو ہم قائداعظم کے دئیے ہوئے ورثے کو ان کے نظریات کے مطابق رکھ سکیں۔