ادویات تک رسائی یا دستیابی مریضوں کا حق ہے اور اس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، ماہرین

ہر سال 400بلین ڈالرجعلی ادویات کا دنیا بھر میں کاروبار ہوتا ہے،چیگ ایگزیکٹوآفیسر ڈرک ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان

اتوار 10 اپریل 2016 17:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 اپریل۔2016ء) چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈرک ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ڈاکٹر محمد اسلم نے کہا ہے کہ ادویات تک رسائی یا دستیابی مریضوں کا حق ہے اور اس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ادویات بنانے والی کمپنیاں تعمیری سوچ اپناکرجان بچانے والی ادویات کی دستیابی مارکیٹ میں یقینی بنائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جسٹس ہیلپ لائن، میڈیونکس اور ایف پی سی سی آئی اسٹینڈنگ کمیٹی ان کیمسٹ اینڈ ڈرگست کی جانب سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ گول میز کانفرنس ی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ادویات بنانے والی کمپنیاں اپنے اندر سے کالی بھیڑوں کو نکالیں تاکہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں سے بچ سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے انکشاف کیاکہ ہر سال 400بلین ڈالرجعلی ادویات کا دنیا بھر میں کاروبار ہوتا ہے۔ انہوں نے ادویات بنانے والی کمپنیوں کے مالکان سے کہ وہ اپنا احتساب خود کریں تاکہ دوسروں ان کی جانب انگلی اٹھانے کی جرات نہ کریں۔

اس سے قبل صدر جسٹس ہیلپ لائن ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت ادویات کی معیار کی ضمانت دے اور اسے یقینی بنائے۔ اس کے علاوہ مریضوں کے حقوق کا بھی تحفظ کرے۔ انہوں نے کہاکہ ہر مریض کو معیاری ادویات کی دستیابی ان کا بنیادی انسانی حق ہے۔ سی ای سی ممبر پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگست ایسوی ایشن سیف الرحمن نے کہاکہ حکومت کو ادویات بنانے والی کمپنیو ں کے مسائل کا علم ہے اور امید ہے کہ وہ ان کے مسائل سنیں گے اور حل کریں گے۔

انہوں نے کوالٹی ادویات کی مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنانے پر ضرور دیا ۔پاکستان فارماسوٹیکل اینڈ مینی فیکچررز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدرحامد رضا نے دعوی کیاکہ پاکستان میں ادویات کی قیمتیں دیگر ممالک کی نسبت کم ہیں اور ان کا موازانہ کسی بھی ملک سے کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے کہاکہ ادویات کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے ناکہ ادویات بنانے والی کمپنیوں کو۔

انہوں نے مزید کہاکہ ادویات بنانے والی کمپنیاں عوام کی خدمت کررہی ہیں مگر چند مسائل ہیں جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سنٹرل لیڈر ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں تک مریضوں کو رسائی ہونی چاہےئے تاکہ علاج متاثر نہ ہو ۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے سرکاری اسپتالوں میں ادویات دستیاب نہیں ہیں جس سے وجہ سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے اور حکومت ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے عوام کوتاکید کہ وہ اینٹی بایوٹک ادویات کا غیر ضروری استعمال نہ کریں او ر صرف ماہر ڈاکٹر کی لکھی ادویات استعمال کریں ۔ تقریب سے ایف پی سی سی آئی کی کیمسٹ اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین غلام ہاشم نورانی اور نائب چیئرمین آتم پرکاش نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :