پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 26 اپریل 2016 11:14

پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 اپریل 2016ء) : پاکستانی سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کی بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں کے مابین ہوئی ملاقات میں دو طرفہ امور اورپاک بھارت تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ہم منصب سے ملاقات میں پاکستانی سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کلبھوشن یادیو کی گرفتاری اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا ۔

علاوہ ازیں پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کے پٹھاکوٹ حملے کی تحقیقات کے لیے دورہ بھارت کے بعد بھارتی حکام سے یہ پہلی ملاقات ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پٹھانکوٹ حملے کی تحقیقات کے لیے پاکستانی ٹیم کی بھارت آمد اور تحقیقات میں ہوئی پیش رفت سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر نے بتایا کہ ملاقات میں کشمیر سمیت تمام حل طلب امور پر بات کی گئی۔

ملاقات میں پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کشمیر کے مسئلے کے حل پر زور دیا۔ عبد الباسط نے بتایا کہ اعزاز چوہدری نے ملاقات میں زور دیا کہ کشمیر کے مسئلے کا حل ضروری ہے۔ دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقات سے دو طرفہ تعلقات کے تناظر میں حالیہ پیش رفت کے جائزے کا مفید موقع ملا۔ پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور وزیر اعظم نواز شریف کا بھی یہی عزم ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئیے۔ ترجمان ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے بھارتی ہم منصب سے ملاقات میں پاک بھارت کے مابین جامع مذاکرات کی جلد از جلد پر بھی زور دیا ۔ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو جامع اور بامعنی مذاکرات پر کار بند رہنا چاہئیے۔

ترجمان ہائی کمیشن نے بتایا کہ سکرٹری خارجہ پاکستان اعزاز چوہدری نے پاکستان میں بلوچستان اور کراچی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کی تخریبی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کلبھوشن یادیو کی پاکستان سے گرفتاری اور اس کی جانب سے کیے جانے والے انکشافات کا معاملہ بھی اٹھایا۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ را کی پاکستان میں کارروائیاں پاک بھارت تعلقات کی بہتری میں رکاوٹ ہیں۔

سیکرٹری خارجہ پاکستان نے بھارتی ہم منصب سے سمجھوتہ ایکسپریس کے مرکزی ملزم کی رہائی کے لے بھارتی حکام کی کوششوں پر پر تشویش کا اظہار کیا۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داران کی رہائی کا ماحول تیار کرنا تشویشناک ہے۔اعزاز چوہدری نے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے ملاقات میں ان کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔واضح رہے کہ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے چھٹے اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے بھارتی ہم منصب سے سائیڈ لائن ملاقات کی۔

متعلقہ عنوان :