گلوکاروں کا گھروں کے اندر بھی 10بجے تک شادی کی تقریبات ختم کرنے کی شق کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کا فیصلہ

پیر 2 مئی 2016 13:39

گلوکاروں کا گھروں کے اندر بھی 10بجے تک شادی کی تقریبات ختم کرنے کی شق ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء) گلوکاروں نے گھروں کے اندر بھی 10بجے تک شادی کی تقریبات ختم کرنے کی شق کی مخالفت کرتے ہوئے احتجاجی مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا ۔ اس حوالے سے گلوکارہ حمیرا ، انور رفیع ، حنا فرید ، عارف لوہار اور عینی طاہرہ سمیت دیگر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت صوبائی اسمبلی میں مختلف بل لا رہی ہے جس میں حال ہی میں شادی ایکٹ کے حوالے سے ایک بل منظور کیا گیا جس کی ایک شق میں یہ بیان کیا گیا کہ گھروں کے اندر بھی شادی کی تقریبات 10بجے تک ختم کر دی جائیں ۔

(جاری ہے)

اس طرح کے اقدام سے گلوکار اور میوزیشن کے گھروں کے چولہے بلکل ٹھنڈے پڑ جائیں گے کیونکہ اس سے قبل لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے تحت گلوکار پہلے ہی کسی شادی کی تقریب میں کسی ہال میں پرفارم نہیں کر سکتے تھے اور اب ایک نیا قانون لا کر گلوکاروں کو فاقوں پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ اس حوالے سے گلوکاروں نے اپنا آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرتے ہوئے احتجاجی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کیا جائیگا اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا جائیگا کہ اس شق کو بل سے نکال دیا جائیگا تاکہ گلوکار روزگار کما کر اپنا اور بچوں کا پیٹ پال سکیں ۔