پاناما لیکس ‘ اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ کا وزیراعظم کوخط لکھنے سے قبل اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

بدھ 4 مئی 2016 14:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے وزیراعظم کو خط لکھنے سے پہلے اپوزیشن جماعتوں کو آن بورڈ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینئررہنما اوراپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے وزیراعظم کو خط لکھنے سے پہلے اپوزیشن جماعتوں کو آن بورڈ لینے کا فیصلہ کیاجس کیلئے وہ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سمیت دیگر پارلیمانی رہنماوٴں سے ٹیلی فونک رابطہ کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے بتایا کہ وزیراعظم کو خط لکھنے سے پہلے سب دوستوں سے مشاورت کروں گا اور اپوزیشن کی جانب سے انکوائری کمیشن کے ٹرمز اذف ریفرنس اخباری خبروں کے ذریعے نہیں بلکہ باضابطہ طورپربھجوائے جائیں گے اور اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کے بعد آئندہ چوبیس گھنٹوں کے اندر وزیراعظم کو اس حوالے سے خط لکھ دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اپوزیشن کی جانب سے خط نہیں لکھا جائے گا کیوں کہ اس پر عملدرآمد کرانا حکومت کا کام ہے ‘ اپوزیشن کے خط میں لکھا جائے گا کہ ٹی او آرزاپوزیشن نے متفقہ طورپرتیارکئے جسے حکومت سنجیدہ لے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنائے۔