جنوبی پنجاب میں وہاڑی میں بننے والی انڈسٹریل اسٹیٹ کے پہلے فیز کا تعمیراتی مرحلہ مکمل

بدھ 4 مئی 2016 18:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) جنوبی پنجاب میں وہاڑی میں بننے والی انڈسٹریل اسٹیٹ کے پہلے فیز کا تعمیراتی مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور صنعتی پلاٹوں کی الاٹمنٹ شروع کر دی گئی ہے۔ یہ بات پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پیڈمک) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کرنل (ر) نوید مشتاق گِل نے وہاڑی میں رکن قومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ جن کی انتھک اور بھرپور کو شش کی بنا پر انڈسٹریل اسٹیٹ معرض وجود میں آئی، دیگر عمائدین اور صنعت کاروں کے ساتھ ملاقات کے دوران بتائی۔

پیڈمک کے چیف ایگزیکٹوآفیسر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کی روشنی میں صوبہ پنجاب کے ہر ضلع میں کم از کم دو انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام عمل میں لایا جائیگا جس کیلئے منصوبہ بندی کرلی ہے تاہم اس منصوبہ میں جنوبی پنجاب کواہمیت دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے فیز میں خاصی اراضی پر صنعتی پلاٹ الاٹ کئے جائیں گئے اور اس میں ترجیحاً مقامی سرمایہ کاروں کو الاٹمنٹ کی جائے گی کیونکہ دوسرے صوبوں میں الاٹمنٹ کیلئے پیڈمک پر دباؤ موجود ہے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ٹیکسٹائل، جننگ، فوڈ پراسیسنگ، ہینڈی کرافٹس اور دیگر صنعتی شعبے پہلے مرحلہ میں سرمایہ کاری کریں گے جس سے مقامی طور پر روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے مقامی سرمایہ کاروں کی طرف سے بعض مسائل کی نشاندھی پر کہا کہ ان کی طرف سے واضح کمٹمنٹ کے بعد پیڈمک انہیں ریلیف دے گی۔ واضح رہے کہ وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ خانیوال روڈ پر تعمیر کی جا رہی ہے اور یہ وہاڑی ضلع کی بھرپور ترقی کا موجب بنے گی۔

متعلقہ عنوان :