پنجاب کے عوام کیلئے تاریخی رمضان پیکیج کی منظوری، سستے آٹے کی فراہمی پر 5 ارب کی سبسڈی دینگے، محمد شہبازشریف

متعلقہ ایسوسی ایشنز چینی ، گھی، چکن اور انڈے سستے داموں رمضان بازاروں میں فراہم کریں گی، زرعی فئیر پرائس شاپس لگائی جائیں گی رمضان پیکیج کے تحت ریلیف کے ثمرات عوام تک ہر صورت پہنچنے چاہئیں، اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 6 مئی 2016 20:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ کے عوام کو رمضان المبارک کے دوران ریلیف کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے تاریخی رمضان پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ زیر اعلیٰ نے رمضان پیکیج کی منظوری یہاں ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان پیکیج کے تحت عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر 5 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی جس کے تحت رمضان بازاروں میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 290 روپے میں دستیاب ہو گا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 310 روپے میں اور 20 کلو گرام کا تھیلا 620 روپے میں ملے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران پنجاب بھر میں 330 رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 25 ماڈل بازار بھی رمضان بازار کے طور پر کام کریں گے۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے دوران 2 ہزار دسترخوان بھی لگائے جائیں گے۔رمضان بازاروں کا آغاز 3 جون سے کیا جائے گااوررمضان بازار صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔ متعلقہ ایسوسی ایشنز چینی ، گھی، مرغی کا گوشت اور انڈے سستے داموں رمضان بازاروں میں فراہم کریں گی اوررمضان بازاروں میں چینی، گھی اور چکن عام مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو گرام کے حساب سے سستے ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں زرعی فئیر پرائس شاپس بھی لگائی جائیں گی جہاں پھل، کھجوریں، سبزیاں اور دالیں رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر سال کی طرح رواں برس بھی پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی حکومت ماہ مقدس کے دوران عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے خصوصی پیکج دے رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کہ رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں نمایاں طور پر آویزاں ہونی چاہئیں اور عوام کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پرائس بورڈ لگائے جائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اشیاء کی کوالٹی کے ساتھ وافر دستیابی ہر صورت یقینی ہونی چاہیئے اور رمضان پیکیج کے تحت فراہم کئے جانے والے ریلیف کے ثمرات عوام تک ہر صورت پہنچنے چاہئیں۔ اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ دالوں کی دستیابی کے ساتھ ان کی مناسب قیمتوں پر فراہمی ہر صورت یقینی بنانا ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ اگر کسی اشیاء کی قلت کا خدشہ ہے تو اسے ابھی سے امپورٹ کرنے کے انتظامات کئے جائیں اور منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہونے چاہئیں۔ ڈی سی اوز سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی کریں گے جبکہ صوبائی وزراء اور سیکرٹری صاحبان اشیائے ضروریہ کی کوالٹی ، دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے رمضان بازاروں کے دورے کریں گے۔اسی طرح کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول روزانہ کی بنیاد پر رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکا م کو ہدایت کی کہ خریداری کیلئے آئے لوگوں کو رمضان بازاروں میں تمام ممکن سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں اور رمضان بازاروں کے باہر پارکنگ کا مناسب انتظام ہونا چاہیئے۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر فرخ جاوید، چوہدری محمد شفیق، عائشہ غوث پاشا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی جبکہ کمشنر سرگودھا، ڈی سی او سرگودھا، ڈی سی او فیصل آباد اور ڈی سی او خانیوال ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :