ڈی پی او ٹوبہ نے دو افراد کی ہلاکت کی رپورٹ آئی جی کو پیش کر دی

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق کارروائی پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے

جمعرات 12 مئی 2016 23:05

لاہور۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مئی۔2016ء ) ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ نے گوجرہ روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد کی ہلاکت کی خبروں پر رپورٹ آئی جی پنجاب کو پیش کر دی ، رپورٹ کے مطابق کارروائی پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ شہزاد اکبر کے مطابق تھانہ سٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ کی حدودمیں چک نمبر 520گ ب کے رہائشی نعیم، سجاد، ندیم، جبکہ افضال جو چک نمبر 181گ ب کا رہائشی ہے جمعرات کی صبح 7:30بجے گاڑی پر گوجرہ سے ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر کی طرف آرہے تھے، جونہی ان کی گاڑی گوجرہ ٹوبہ روڈ کے قریب پہنچی تو موٹر سائیکل سواروں نے پیچھے سے آکر انکی کار پر فائرنگ کر دی اور گاڑی الٹ گئی ۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر مقامی پولیس موقع پر پہنچی تو نعیم ، سجاد اور افضال موقع سے فرار ہو چکے تھے جبکہ ندیم کو زخمی حالت میں علاج کیلئے فوری طور پر سول ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچایا گیا۔ مقتولوں کی چک نمبر 520گ ب کے رہائشی رانا فیاض اکبر سے پرانی دشمنی چلی آرہی ہے۔ پولیس نے فوری طور پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے زخمی ندیم افضل کی درخواست پر تھانہ سٹی ٹوبہ میں مقدمہ درج کر کے ملزم امجد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جار ہے ہیں۔