برہان سے حویلیاں موٹروے کی لاگت میں5 ارب کا اضافے کا انکشاف

بدھ 25 مئی 2016 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 مئی۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے تمام قواعد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بادشاہی حکم کے تحت موٹر وے ای 35 کی لاگت میں 5 ارب روپے کا اضافہ کر دیا ہے ۔ ای 35 موٹر وے برہان سے حولیاں تک ہے جس کی ابتدائی لاگت 30 ارب 40 کروڑ روپے تھی جبکہ اب لاگت 34 ارب 90 کروڑ کر دی گئی ہے اور اس طرح قومی خزانہ کو ایک سال کے اندر 5 ارب روپے سے زائد کا جھٹکا لگا دیا گیا ہے ۔

آن لائن کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے حالیہ دورہ حویلیاں کے دوران ای 35 موٹر وے کو 4 لین کی بجائے 6 لین کرنے کا حکم سنایا پھر اس کی لاگت میں ابتدائی مرحلہ میں 5 ارب روپے اضافہ کر دیا ہے جو تکمیل کے آخر تک مزید کئی ارب روپے قومی خزانہ سے خرچ ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم نے لاگت میں اضافہ اور مزید سڑک کی چوڑائی میں اضافہ اپنے داماد کیپٹن(ر) صفدر کے مطالبہ پر کیا ہے اور داماد کی خوشنودی کے لئے تمام قواعد اور قانون کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا ہے ۔

نواز شریف نے اعلان کر رکھا ہے کہ ای 35 ، 2017ء کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی جو سی پیک کے دو اہم شاہراہوں کو منسلک کرنے میں مدد ملے گی ۔ قواعد کے مطابق وزیر اعظم کو منصوبہ کی لاگت میں اضافہ اور سڑک کی توسیع کرنے سے پہلے وزارت پلاننگ کی کمیٹی سی ڈبلیو ڈی اور ایکنک سے منظوری لینا ضروری تھا وزیر اعظم نے ان کمیٹیوں سے منظوری لئے بغیر منصوبہ کی لاگت میں 5 ارب روپے کا اضافہ کر کے قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبہ کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے پہلے حصے میں این ایچ اے کے ایک اعلی افسر نے بتایا ہے کہ پیکج ون ایک چین کی کمپنی کو ٹھیکہ دیا ہے جس نے 58 فیصد کام مکمل کر لیا ہے پیکج 2 جاری سے شروع ہو کر سرائے صالح تک کے لئے ٹھیکہ جو امین جان کمپنی کو دیا گیا تھا نے بھی 39 فیصد کام مکمل کر لیا جبکہ پیکج تھری کا ٹھیکہ زیڈ کے بی فرم کو دیا گیاہے اعلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا ہے کہ وزیر اعظم کی خواہش پر سڑک کی توسیع اور لاگت میں اضافہ کیا گیا ہے اور جس کی منظوری کے لئے کیس دوبارہ پلاننگ وزارت کی کمیٹی سی ڈی ڈبلیو پی کو ارسال کیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ قومی خزانہ سے مکمل کیا جائے گا اور ٹھیکیداروں نے بنک گارنٹی بھی فراہم کر دی ہے انہوں نے بتایا کہ پی سی ون کے تحت منصوبہ کی لاگت 30 ارب 40 کروڑ تھی جو اب بڑھ کر 35 ارب تک پہنچ گئی ہے یہ سڑک کیپٹن(ر) صفدر کے حلقہ انتخاب سے گزرتی ہے اور ان کی خواہش پر لاگت اور توسیع میں اضافہ کیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :