عوام پر آج جس انداز میں ظلم کیا جارہاہے اس سے ملک مزید تباہی کی طرف جارہاہے،مخدوم شاہ محمود قریشی

جس سوچ کو لیکر تحریک پاکستان میں ہمارے آباد واجداد نے قربانیاں دی تھیں آج کا پاکستان اس سوچ کی عکاسی نہیں کرتا، رہنماء پی ٹی آئی

جمعرات 2 جون 2016 22:55

کراچی/ملتان/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جون۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اس ملک کی عوام پر آج جس انداز میں ظلم کیا جارہاہے جس انداز میں اس ملک کو قیادت فراہم کی جارہی ہے اس سے ملک مزید تباہی کی طرف جارہاہے،جس سوچ کو لے کر تحریک پاکستان میں ہمارے آباد واجداد نے قربانیاں دی تھیں آج کا پاکستان اس سوچ کی عکاسی نہیں کرتا ۔

آج کا سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ،پاکستان بار کونسل،پنجاب بار کونسل حکومت کے ٹی اوآرسے مطمین نظر نہیں آتے لاہور کے وکلاء مجھ جیسے سیاستدانوں کو پندرہ دن کی مہلت دیتے ہیں کہ اگر تم کچھ نہیں کرسکتے تو ہم اپنا لائحہ عمل تیا ر کرینگے،ہم سمجھتے ہیں وکلاء برادری اس ملک کی ترقی اس ملک کے آئین اور اس ملک کی جمہوریت کے محافظ ہیں،چاہے ایوب کا دور ہو یا ضیاالحق کا دور ہو یا پھر مشرف کا دور وکلاء برادری نے کبھی ملکی معاملات پرسمجھوتہ نہیں کیااور اس ملک کی تاریخ میں وکلا کی جو سب سے بڑی تحریک تھی اس میں مجھے فخر ہے کہ میں اس تحریک میں پنجاب کے ہر بار میں اور ہر چوک میں وکلاء برادری کے شانہ بشانہ رہاہوں کیونکہ مجھے اس بات کا ادراک ہے کہ اگر عدلیہ آزاد نہیں ہوگی اس ملک کا آئین اور جمہوریت کبھی محفوظ نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حیدرآباد بار کونسل میں موجود وکلاء برادری سے خطاب میں کیا۔جبکہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آئی ایس ایف کی جانب سے منعقدہ کنویشن سے بھی خطاب کیاجس میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک نصاف ظلم کے نظام کا خاتمہ چاہتی ہے پوری قوم ایک ریفرنڈم کروائے تو اندازہ ہوجائے گاکہ کونسا شہری کیا سوچ رہاہے،اگر عوام یہ کہہ دے کہ اس ملک میں سب کچھ ٹھیک چل رہاہے تو مجھ جیسے سیاستدانوں کا پھر خاموشی سے گھر بیٹھ جانا چاہیئے۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عارف علوی ،حلیم عادل شیخ ،گل محمد رند،لال لال مالہی ،جے پرکاش سمیت دیگر اہم رہنما ؤں نے بھی پی ٹی آئی کے جوانوں سے خطابات کیئے ۔قبل ازیں سینئر رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی کا حیدرآباد ٹول پلازہ پر شاندار اسقبال کیا گیا جہاں وہ پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنوں اور رہنماؤں کے ہمراہ ریلی کی صورت میں حیدرچوک تک پہنچے ۔

اس موقع پر سینئر رہنما ڈاکٹر عارف علوی اور حلیم عادل شیخ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیاجس میں ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف غریب اور مزدوروں کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے،بجلی ،یا گیس جتنی بھی مہنگی ہوجائے اس حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا ہے،چیئرمین عمران خان ہر اس شخص کے ساتھ کھڑے ہیں جس کے گھر میں دو وقت روٹی مشکل سے ملتی ہے، مخدوم شا ہ محمود قریشی اور دیگر نے پی ٹی آئی لیڈیز ونگ سندھ کی رہنما زنیرہ ملک کی جانب سے لیڈیزونگ کے اجلاس میں بھی شرکت کی اور خواتین کی جانب سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے روشنی ڈالی گئی۔

آئی ایس ایف کے کنویشن میں مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سندھ میں تبدیلی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے تھرپارکر میں آج معصوم بچے اور شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ،آج تھر کا ایک ایک بچہ غذائی قلت کاشکارہے ہم ٹی وی چیبنلوں پر اکثر دیکھتے ہیں کہ آج چار بچے مرگئے آج پانچ بچے اپنی جانوں سے چلے گئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی جانوں سے کھیل رہی ہے۔