پاکستان بھر کے گریجویشن سطح کے ٹاپ 30پوزیشن ہولڈرز کا مانچسٹر میں پاکستانی قونصل خانے کا دورہ

قونصل جنر ل ظہور احمد کی طلباء کو ان کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد وزیر اعلیٰ پنجاب شہاز شریف کا طلباء کو بیرون ملک بھجوانے کا اقدام خوش آئند ہے ٗچیئر مین اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن بیرسٹر امجد ملک کی گفتگو

جمعہ 17 جون 2016 21:49

مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جون ۔2016ء) پاکستان بھر کے گریجویشن سطح کے ٹاپ 30پوزیشن ہولڈرز نے گزشتہ روز مانچسٹر میں پاکستانی قونصل خانے کا دورہ کیا گروپ میں مختلف شعبوں میں او لیول اور اے لیول کی سطح پر عالمی ریکارڈ قائم کر نے والے طلباء بھی شامل تھے ۔اس موقع پر مانچسٹر کے تین ہائی سکولز سے تعلق رکھنے والے طلباء بھی موجود تھے ۔

قونصل جنر ل ظہور احمد نے طلباء کو ان کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی انہوں نے طلباء کو پاک برطانیہ تعلقات ٗ برطانیہ میں پاکستانی تارکین وطن اور ڈپلو میٹک مشنز کی جانب سے بیرون ملک سر انجام دی جانے والی ذمہ داری کے بارے میں بتایا ۔انہوں نے حکومت پنجاب کی طرف سے ملک بھر کے ذہین طلباء کو برطانیہ کے نمایاں تعلیمی اداروں کا دورہ کرانے کے اقدام کو بھی سراہا ۔

(جاری ہے)

چیئر مین اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن بیرسٹر امجد ملک نے طلباء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہاز شریف کا طلباء کو بیرون ملک بھجوانے کا اقدام خوش آئند ہے جس سے طلباء کو عالمی سطح کے تعلیمی معیار کے ماحول کو سمجھنے کا موقع میسر آئیگا ۔مانچسٹر کے مقامی ہائی سکول کی ایگزیکٹو ہیڈ مس پیٹسی کین نے بھی طلباء کا خیر مقدم کیا انہوں نے کہاکہ اس دورے سے پاکستانی طلباء کو برطانوی طلباء سے ملاقات کا منفرد موقع میسر آئیگا جو باہمی طورپر فائدہ مند ہوگا ۔