لاہور ہائیکورٹ ‘ثروت اعجاز قادری کے پنجاب میں داخلے پر پابندی کے کے خلاف درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب کو ایک ہفتے میں واضح فیصلہ کرنے کا حکم

جمعرات 23 جون 2016 23:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جون ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کے پنجاب میں داخلے پر پابندی کے کے خلاف درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب کو ایک ہفتے میں واضح فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

(جاری ہے)

جسٹس محمود مقبول باجوہ نے ثروت اعجاز قادری کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے عثمان نسیم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ محکمہ داخلہ پنجاب نے فروری میں سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کے صوبے میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے جس کے لئے امن و امان کی صورتحال پیدا ہونے کا جواز بنایا گیا ہے، ثروت اعجاز قادری پر پابندی کے خلاف سیکرٹری محکمہ داخلہ پنجاب کوعرضداشت بھی دی گئی ہے جس پر کئی ماہ گزرنے کے باوجود کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت کسی شہری کی نقل و حرکت کو محدود نہیں کیا جا سکتا ،ثروت اعجاز قادری پر پابندی کالعدم اور عرضداشت پر فیصلے کا حکم دیاجائے، عدالت نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو حکم دیا کہ ثروت اعجاز قادری کی عرضداشت پر ایک ہفتے میں فیصلہ کر کے اس کی نقل رجسٹرار ہائیکورٹ کو بھی پیش کی جائے ۔