معروف فوک گلوکار عالم لوہار کی 37ویں برسی تین جولائی بروز 27ویں رمضان المبارک کو منائی جائے گی

پیر 27 جون 2016 12:36

معروف فوک گلوکار عالم لوہار کی 37ویں برسی تین جولائی بروز 27ویں رمضان ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء ) معروف فوک گلوکار عالم لوہار کی 37ویں برسی تین جولائی بروز (اتوار )27ویں رمضان المبارک کو منائی جائے گی ۔ عالم لوہار یکم مارچ 1928ء کو گجرات کے ایک نواحی گاؤں میں پیدا ہوئے، انہوں نے کم عمری سے گلوکاری کا آغاز کر دیا ۔عالم لوہار کو چمٹا بجانے اور آواز کا جادو جگانے میں کمال کا فن حاصل تھا، ان کے گائے ہوئے پنجابی گیتوں کی خوشبو آج بھی جابجا بکھری ہوئی ہے۔

ان کی خاص پہچان ان کا چمٹا تھا، انہوں نے چمٹے کو بطور میوزک انسٹرومنٹ استعمال کیا اور دنیا کو ایک نئے ساز سے متعارف کرایا ۔ وہ اپنے مخصوص انداز اور آواز کی بدولت بہت جلد عوام میں مقبول ہوگئے، ان کی گائی ہوئی ”جگنی “آج بھی لوک موسیقی کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

جگنی اس قدر مشہور ہوئی کہ ان کے بعد آنے والے متعدد فنکاروں نے اسے اپنے اپنے انداز سے پیش کیا لیکن جو کمال عالم لوہار نے اپنی آواز کی بدولت پیدا کیا وہ کسی دوسرے سے ممکن نہ ہوسکا۔

جگنی کی شہرت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ اس دور کی اردو اور پنجابی فلموں میں بھی جگنی کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا جبکہ جگنی کی پکچرائزیشن بھی انہی پر ہوئی۔جگنی کے علاوہ عالم لوہار نے کئی اور منفرد نغمے تخلیق کئے جن میں اے دھرتی پنج دریاں دی، دل والا دکھڑا نئیں، جس دن میرا ویاہ ہو وے گا، قصہ سوہنی ماہیوال کا گیت، وغیرہ بہت مقبول ہوئے۔

عالم لوہار کی گائیکی کا انداز منفرد اور اچھوتا تھا جو اندرونِ ملک ہی نہیں بیرونِ ملک جہاں پنجابی اور اردو زبان نہیں سمجھی جاتیں وہاں بھی لوگ ان کی خوبصورت دھنوں پر جھوم اٹھتے تھے، خصوصا قصہ ہیر رانجھا اور قصہ سیف الملوک آج بھی زبان زدِ عام ہیں۔ان کا انتقال تین جولائی 1979ء کو پنجاب کے ایک غیر معروف قصبے کے پاس ٹریفک حادثے کی وجہ سے ہوا جس کے بعد انہیں لالہ موسیٰ میں سپردِ خاک کیا گیا۔

مگر وہ آج بھی اپنے فن کے ذریعے پرستاروں کے دلوں پر راج کررہے ہیں ۔عالم لوہار کے دنیا سے رخصت ہونے کے بعدان کے صاحبزادے عارف لوہار اپنے والد کا چمٹا اٹھا کر ان کے فن کو زندہ رکھا اور آج عارف لوہار کاشمار بھی مقبول ترین گلوکاروں میں ہوتا ہے ۔اپنے والد کی برسی کے حوالے عارف لوہار کاکہنا ہے کہ رمضان المبارک رحمتوں اوربرکتوں والا مہینہ ہے اور اس مبارک مہینے میں میرے والد محترم کے بلند درجات اور وطن عزیز میں امن و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں ضرور کریں ۔