پانامہ لیکس جیسی بدنامیوں سے جان چھڑانے کیلئے ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ بہت ضروری ہے، دہشتگردی کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام بھی اسی طرح ممکن ہے،بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے فرقہ واریت ختم اور ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیداکرنے کی ضرورت ہے،کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور مددوحمایت جاری رکھیں گے، رمضان المبارک میں ہر شخص تو بہ و استغفار اور اپنی اصلاح کرے، گھروں میں قرآن و سنت نافذ اوربچوں کی تربیت دینی بنیادوں پر کی جائے

امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ سعیدکا جمعۃ الوداع کے اجتماع سے خطاب، میڈیاسے گفتگو

جمعہ 1 جولائی 2016 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدنے کہا ہے کہ پانامہ لیکس جیسی بدنامیوں سے جان چھڑانے کیلئے ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ بہت ضروری ہے، دہشت گردی کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام بھی اسی طرح ممکن ہے،بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے فرقہ واریت ختم اور ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیداکرنے کی ضرورت ہے،کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور مددوحمایت جاری رکھیں گے، رمضان المبارک میں ہر شخص تو بہ و استغفار اور اپنی اصلاح کرے، گھروں میں قرآن و سنت نافذ اوربچوں کی تربیت دینی بنیادوں پر کی جائے۔

وہ جامع مسجد القادسیہ میں جمعۃالوداع کے بڑے اجتماع سے خطاب اوربعد ازاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرہزاروں مردوخواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔ خطبہ جمعۃالوداع کے دوران شدید رش دیکھنے میں آیا۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا پاکستان مسلمانوں کیلئے اﷲ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔

حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اس کا شکر ادا کرتے ہوئے ملک میں اسلامی شریعت نافذ کریں‘ امریکہ و یورپ کے احکامات سے جان چھوٹ جائے گی اور دشمن کو آپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی جرأت نہیں ہو گی۔ اسی طرح اگر آپ چاہتے ہیں کہ مسلمان ملکوں میں باہمی لڑائی جھگڑے ختم ہوں‘ یہ ملک امن و امان کے گہوارے بن جائیں اور عالم اسلام کی سطح پر اتحاد کی کیفیت پیدا ہو تو اس کابھی صرف ایک ہی حل ہے کہ اسلامی شریعت کو عملی طور پر نافذ کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت و امریکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے معاہدے کر رہے ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو نشانہ بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور اس مقصد کیلئے بے پناہ سرمایہ خرچ کیا جارہا ہے لیکن افغانستان میں شکست کی طرح ان کی پاکستان کیخلاف سازشیں بھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ امریکی ڈو مور کی رٹ لگائے ہوئے ہیں اور پاکستانی حکمرانوں و سیاستدانوں کو ان کا حکم ماننے کی عادت پڑی ہوئی ہے۔

مسلم معاشرے بدامنی کا شکار ہیں اور خودکشیاں پروان چڑھ رہی ہیں۔ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلمان اپنے گھروں میں اسلامی نظام کے نفاذ کا پختہ عہد کریں۔مسلمانوں کے لباس، کلچر، وضع قطع، سیاست، معیشت و معاشرت سمیت ہر عمل کتاب و سنت کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مسلمان دین اسلام پر عمل شروع کریں اور قرآن و سنت سے غافل نہ ہوں تو حالات میں بہت بڑی تبدیلی آ سکتی ہے۔

ہمارے معاشروں،ملکوں کا رنگ اسلامی بنے گا توباہمی تشدد اورقتل و غارت گری ختم ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جماعۃالدعوۃ ‘بلوچستان، سندھ اور ملک بھر کے دیگر علاقوں میں کروڑوں روپے مالیت کے منصوبہ جات پر کام کر رہی ہے اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی ریلیف سرگرمیوں سے علیحدگی کی تحریکیں دم توڑ رہی ہیں۔رمضان المبارک میں ایک لاکھ سے زائد افراد کے سحروافطار کا بندوبست کیا گیا۔