پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش رفت دکھائی ہے، دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کی ہیں-ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 14 جولائی 2016 11:35

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش رفت دکھائی ہے، دہشت گردوں کی ..

واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14جولائی۔2016ء) امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیش رفت دکھائی ہے، دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کی ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے اس حوالے سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان کو بھی سراہا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی پالیسیوں کو سراہا اور اعتراف کیا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کےلئے پیش رفت کی ہے، کئی محفوظ ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مارک ٹونر نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے افغانستان میں مداخلت کی اجازت نہ دینے سے متعلق بیان کا بھی خیرمقدم کیا۔امریکی ترجمان نے مزید کہا کہ عمر نرے کی ڈرون حملے میں ہلاکت دہشت گردی کے خلاف امریکی عزم کی عکاسی ہے۔ عمر نرے پشاور میں بچوں کے قتل سمیت دہشت گردی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھا۔مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک سوال کے جواب امریکی ترجمان نے کہا کہ امریکا کی پالیسی تبدیل نہیں ہوئی، پاکستان اور بھارت مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا حل نکالیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار ضرور کیا تاہم انہوں نے بھارتی کارروائیوں کی براہ راست مذمت کرنے سے گریز کیا۔