آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ‘آج پاکستان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط جاری کرنے کی منظوری دیئے جانے کا امکان

منظوری کے بعد سٹینڈ بائی ارینجمنٹ ایگریمنٹ کی آخری قسط رواں ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کو مل جائے گی.بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 29 اپریل 2024 13:49

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ‘آج پاکستان کو ایک ارب 10 کروڑ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 اپریل۔2024 ) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج واشنگٹن میں ہورہا ہے جس میں سٹینڈ بائی ارینجمنٹ ایگریمنٹ کے تحت پاکستان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط جاری کرنے کی منظوری متوقع ہے. وزیراعظم آفس سے جاری بیان اور آئی ایم ایف کے مطابق ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس آج طے ہے جس کے ایجنڈے میں پاکستان شامل ہے توقع کی جا رہی ہے کہ آج 29 اپریل کو ممکنہ طور پر دی جانے والی منظوری کے بعد سٹینڈ بائی ارینجمنٹ ایگریمنٹ کی آخری قسط رواں ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کو مل جائے گی.

(جاری ہے)

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے گذشتہ روز عالمی مالیاتی ادارے کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے سعودی عرب میں جاری عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر اہم ملاقات کی تھی وزیراعظم نے گذشتہ سال آئی ایم ایف سے تین ارب امریکی ڈالر کا سٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) معاہدے کے تحت قرض کے حصول کی حمایت پر کرسٹالینا جارجیوا کا شکریہ ادا کیا.

آئی ایم ایف کی سربراہ نے پچھلے سال سٹینڈ بائے ارینجمینٹ کے حوالے سے وزیراعظم کے قائدانہ کردار کو سراہا وزیراعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو بتایا کہ ان کی حکومت پاکستان کی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے بیان کے مطابق انہوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں اپنی مالیاتی ٹیم کو اصلاحات کرنے، سخت مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور ایسی دانشمندانہ پالیسیوں پر عمل کرنے کی ہدایت کی جو میکرو اکنامک استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنائیں فریقین نے پاکستان کے آئی ایم ایف کے ایک اور پروگرام میں داخل ہونے پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ گذشتہ سال میں حاصل ہونے والے فوائد کو مستحکم کیا جائے اور اس کی اقتصادی ترقی کی رفتار مثبت رہے.

منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ جاری پروگرام بشمول جائزہ کے عمل کے بارے اپنے ادارے کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا وزیراعظم نے ایم ڈی ‘آئی ایم ایف کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی اس سے قبل بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد ازعور نے 18 اپریل کو کہا تھا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے اور فی الحال اصلاحات کا پیکیج نئے پروگرام کے حجم سے زیادہ اہم ہے.

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جہاد ازعور نے آئی ایم ایف 2024 کے موسم بہار کے اجلاسوں کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال سے اس مرحلے پر جو چیز اہم ہے وہ یہ ہے کہ پروگرام میں تیزی لائی جائے، اصلاحات کے ڈھانچے کو مزید پھیلایا جائے تاکہ پاکستان اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ ترقی کا موقع دیا جا سکے اس وقت پاکستان کے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب امریکہ کے دورے پر تھے جہاں ان کی امریکی حکام کے علاوہ آئی ایم ایف کے عہدے داروں سے بھی ملاقاتیں ہوئی تھیں.

ایک انٹرویو میں محمد اورنگزیب نے کہا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے اربوں ڈالر کے قرضے کے لیے بات چیت کر رہا ہے اس سے قبل کی رپورٹوں میں پاکستان کی جانب سے چھ سے آٹھ ارب ڈالر کے ای ایف ایف پیکج میں دلچسپی ظاہر کی گئی تھی جو تین سال پر محیط ہے تاکہ ملک کے معاشی استحکام کو تقویت ملے مختلف ملاقاتوں میں پاکستانی وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی جانب سے تجویز کردہ اصلاحات کا ذکر کیا تاکہ موجودہ پروگراموں کے لیے مذاکرات کے دوران طے شدہ اہداف کو پورا کیا جا سکے.