ای، روزگار پروگرام کے تحت 10ہزارگریجویٹ نوجوانوں کو مفت تربیت دی جائے گی ‘ڈاکٹر عمر سیف

ورلڈ بینک ترقی پذیر ممالک کے نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لئے بھر تعاون کرتا ہے، ای روزگار پروگرام سے پنجاب میں بے روزگاری کم ہو گی‘عالمی بنک کی ٹیم لیڈر اینا سی ڈونمیل

بدھ 27 جولائی 2016 18:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب کا ای۔روزگارپروگرام گریجویٹ مردو خواتین کے لئے بہت سود مند ثابت ہو گا اور وہ گھر بیٹھے نہ صرف خاندان کی باعزت کفالت کر سکیں گے بلکہ ملک میں بیرونی سرمایہ لانے کا سبب بھی بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ارفع آئی ٹی ٹاورمیں عالمی بینک کے ایک وفد سے اجلاس کے دوران کیا۔

وفد کی قیادت ٹاسک ٹیم لیڈر مس اینا سی ڈونمیل کر رہی تھیں جبکہ دیگر ارکان میں سینئر ڈویلپمنٹ سپیشلسٹ مس جانا ایل ہور اور کنسلٹنٹ شانِ رحمن بھی موجود تھے۔عالمی بینک کاوفد پی آئی ٹی بی کے ای۔روزگار پروگرام میں ممکنہ سرمایہ کاری کا جائزہ لینے کے لئے آیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت آن لائن فری لانس کاروبار میں دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے۔

نوجوانوں کے اسی رحجان کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ای۔روزگار پروگرام شروع کیا۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب کے ہر ضلع میں بہترین کمپیوٹر لیب قائم کی جا رہی ہے جہاں پی آئی ٹی بی کی ٹیم رواں مالی سال کے دوران 10ہزار گریجویٹ نوجوانوں کو تربیت فراہم کرے گی۔ دنیا کے دیگر ممالک میں دن اور رات کے فرق کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ہر لیب ہفتے کے سات دن چوبیس گھنٹے کھلی رہے گی تاکہ طلبہ بھر پور طریقے سے استفادہ کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تربیت اتنی موثر ہو گی کہ نوجوان دورانِ تربیت ہی پیسہ کمانا شروع کر دیں گے اور مزید ساتھیوں کو بھی سکھا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال ستمبر میں انشا ء اﷲ تربیت شروع کر دی جائے گی۔مس اینا نے پنجاب آئی ٹی بورڈ کے منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عمر سیف پنجاب کو جدید بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کا بھر استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک ترقی پذیر ممالک کے نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ای۔روزگار سکیم سے پنجاب میں بے روزگاری میں کمی آئے گی ۔عالمی بینک اس سلسلے میں پی آئی ٹی بی کی ہر ممکن معاونت کریگا۔

متعلقہ عنوان :