اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاک چین اقتصادی کانفرنس ستمبر کے پہلے ہفتے میں منعقد ہو گی، ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی

جمعرات 28 جولائی 2016 17:00

ء اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 جولائی۔2016ء)اسلامی یونیورسٹی اور چائنہ اسلامک ریلیشنز کونسل کے زیر اہتمام مشترکہ پاک چین اقتصادی کانفرنس ستمبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں منعقد ہو گی ۔ اس سلسلے میں کانفرنس کی اعلیٰ انتظامی کمیٹی کا اجلاس یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کانفرنس کے بارے میں بنیادی تصورات اور انتظامی امور کی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر طے پایا کہ اس کانفرنس میں چین کے متعدد صنعتی اور تجاری شعبوں کے سربراہان اور نمائندگان شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں پاکستان کے بڑے بڑے صنعتی اور تجارتی اداروں اورایوان ہائے صنعت و تجارت کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔ ریکٹر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک چین اقتصادی راہ داری کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے اسلامی یونویورسٹی نے بھرپور انداز میں کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی سلسلے میں یہ پہلی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے جس کے لیے چائنہ اسلامک ریلیشنز کونسل نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقتصاری راہ داری وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سے پاکستان اور چین کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔ اجلاس میں جن دیگر شخصیات نے شرکت کی ان میں یونیورسٹی کے مشیر برائے سائنسی امور ڈاکٹر احمد شجاع سید،فروغ معیار کے سربراہ ڈاکٹر محمد عامر، یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس سیف الرحمان اور کانفرنس کے بنیادی رابطہ کاران ڈاکٹر عبدالقادر ہارون ڈاکٹر روح الامین اور یونیورسٹی کے سکالر شپ کے شعبے کے نمائندہ محمد عدنان اور شعبہ تعلقات عامہ سے سید مزمل حسین نے بھی شرکت کی ۔ ۔