کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں خواتین کیلئے نئے ہاسٹل کی تعمیر مکمل ہوگئی

جمعہ 26 اگست 2016 17:29

اسلام آباد ۔ 26اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست ۔2016ء)آسٹریلیا کے مالی تعاون سے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں خواتین کیلئے نئے ہاسٹل کی تعمیر مکمل ہوگئی،پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے جمعہ کو لاہور میں نئے ہاسٹل کا افتتاح کیا۔آسٹریلیا کی حکومت اور فریڈ ہولوز فاونڈیشن نے ہاسٹل کی تعمیر کیلئے مشترکہ طور پر 7کروڑ پچاس لاکھ روپے کا فنڈ فراہم کیا تھا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو آسٹریلین ہائی کمیشن کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق نئے ہاسٹل میں 250دور دراز علا قوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کو کیمپس کے اندر محفوظ رہائش کی سہولت میسر آئیگی۔ہاسٹل کی تعمیر کیلئے اراضی پنجاب حکومت نے فراہم کی تھی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسٹریلین ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی طالبات کو محفوظ رہائش کی فراہمی خواتین کی حوصلہ افزائی کی جانب ایک اور مثبت قدم ہے۔