فاروق ستار اور ان کے ساتھی اسمبلیوں سے فوری مستعفی ہوں ٗ تحریک انصاف کا مطالبہ

محض نمائشی اظہار لاتعلقی سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی ٗنعیم الحق

اتوار 28 اگست 2016 16:21

فاروق ستار اور ان کے ساتھی اسمبلیوں سے فوری مستعفی ہوں ٗ تحریک انصاف ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء) تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ فاروق ستار اور ان کے ساتھی اسمبلیوں سے فوری مستعفی ہوں، ان کا الطاف حسین سے محض اظہار لاتعلقی کافی نہیں۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں نعیم الحق نے کہاکہ فاروق ستار سمیت متحدہ قومی موومنٹ کو 2013 ء میں الطاف حسین کا مینڈیٹ میسر آیا ٗ فاروق ستار اور متحدہ کے اراکین اسمبلیوں میں الطاف حسین کی نمائندگی کرتے تھے ٗاگروہ واقعی الطاف حسین سے فاصلہ اختیار کرچکے ہیں تو ازسرنو عوام سے رجوع کریں۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان اسمبلیوں سے مستعفی ہو کر نئے سرے سے الیکشن لڑے، محض نمائشی اظہار لاتعلقی سے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اگر متحدہ رہنما مستعفی نہیں ہوتے تو سمجھیں گے کہ پس منظر میں الطاف حسین سے روابط برقرار ہیں۔