پنجاب اسمبلی کے ارکان پر مشتمل نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے ’’پیس کمیٹی ‘‘ قائم کردی گئی

پیر 29 اگست 2016 22:30

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء) پنجاب اسمبلی کے ارکان پر مشتمل نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے ’’پیس کمیٹی ‘‘ قائم کردی گئی۔کمیٹی کے چیئر مین وقاص موکل،وائس چیئر مین میری گل ،خزانچی نبیلہ حاکم علی دیگر ممبران میں سعدیہ سہیل رانا ،آصف محمود سمیت دیر اراکین اسمبلی شامل ہیں ۔ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی بشر ی انجم بٹ نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا اس کمیٹی کے قیام کا بنیادی مقصد نیشنل ایکشن پلان کے دیگر نکات پر بھی عملدرآمد کرانا ہے ۔صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا قیام پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ہمارا مقصد سیاست سے بالا تر ہو کر شدت پسندی کا مقابلہ کرنا ہے اس کیلئے ہم متحد ہیں ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے کمیٹی میں تمام اپوزیشن جماعتوں کی ممبران کی نمائندگی موجود ہیں ۔

ہماری زیادہ توجہ جنوبی پنجاب کے اضلاع پر ہے کیونکہ اکثر کالعدم تنظیموں کی کمین گاہیں وہاں موجود ہیں اس لئے جنوبی پنجاب سے زیادہ اراکین اسمبلی کو شامل کیا جارہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا شدت پسندی اور انتشار کے خاتمے کیلئے پیس کمیٹی صوبے بھر میں پیس مہم شروع کرے گی اس حوالے سے آگاہی سیمینار ،واک ،کانفرنسز اور تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔2016دہشتگردوں کے خاتمے کا سال ہو گا۔