ساہیوال ‘ٹریفک حادثات بیوپاری، زمیندار اور فیکٹری ملازم سمیت تین جاں بحق اور پانچ شدید زخمی

اتوار 11 ستمبر 2016 13:44

زاہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2016ء) یہاں نواح میں ٹریفک کے مختلف حادثات کے دوران تین افراد ہلاک اور پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے ۔پہلا حادثہ ساہیوال پاکپتن روڈ پر پل سکھ بیاس 9-111ایل کے قریب ہوا یہاں ایک موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر میں 25سالہ صابر سلیم جاں بحق اور دو عورتیں سریہ اور سکینہ شدید زخمی ہو گئیں ۔ بیوپاری صابر سلیم اپنی رشتہ دار عورتوں کے ہمراہ ساہیوال سے ملکہ ہانس موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر ہو گئی۔

(جاری ہے)

دوسرا حادثہ ہڑپہ اسٹیشن نائی والا بنگلہ روڈ پر چک 9-186ایل کے قریب ہوا یہاں ایک موٹر سائیکل اور کار کی ٹکر میں ستر سالہ زمیندار کفایت اﷲ ہلاک اور اس کا بھتیجا منیر زخمی ہوگیا۔ تیسرا حادثہ ساہیوال ملتان روڈ پر موڑ 12-37ایل کے قریب ہوا یہاں دو موٹر سائیکلوں کی ٹکر میں فیکٹری ملازم غلام عباس ، منظور اور طفیل شدید زخمی ہوئے جن میں سے غلام عباس سول ہسپتال ساہیوال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا ۔تمام زخمیوں کو سول ہسپتال ساہیوال داخل کرا دیا گیا ہے جہاں دو کی حالت نازک ہے ۔

متعلقہ عنوان :