بجلی کی عدم فراہمی پر حیدرآباد سپرہائی وے بائی پاس پر علاقہ مکینوں کا حیسکو حکام کے خلاف احتجاج، سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں

ہفتہ 17 ستمبر 2016 23:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17ستمبر ۔2016ء) بجلی کی عدم فراہمی پر حیدرآباد سپرہائی وے بائی پاس پر علاقہ مکینوں کا حیسکو حکام کے خلاف احتجاج، سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، پولیس اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنے رہے۔

(جاری ہے)

ہفتے کو حیدرآباد سپرہائی وے بائی پاس پر اردگرد کے رہائشی افراد نے بجلی کی طویل بندش پر شاہراہ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث اندرون ملک جانے والی ٹرانسپورٹ جن میں ٹرک، وین، کاریں اور دیگر کمرشل گاڑیاں شامل تھیں ان کی لمبی قطاریں لگ گئیں، احتجاجی مظاہرین ڈنڈے اور لاٹھیاں پکڑے ہوئے حیسکو حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، گاڑیوں میں موجود خواتین، بچے اور بزرگوں نے احتجاجی مظاہرین کی بہت منت سماجت کی لیکن انہوں نے کسی کی ایک نہ سنی، دوسری طرف پولیس اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنے رہے کئی گھنٹے احتجاج کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :